رسائی کے لنکس

پاکستان: بالائی علاقوں میں برف باری، سردی نے دستک دے دی


خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے علاقے بٹہ کنڈی میں بدھ کو موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی ہے جس کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے علاقے بٹہ کنڈی میں بدھ کو موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی ہے جس کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔

پاکستان کے بالائی علاقوں بالخصوص گلگت بلتستان، صوبۂ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں بارش اور برف باری کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے۔

ملک کے مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق کشمیر کی وادیٔ نیلم اور خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے علاقے بٹہ کنڈی میں بدھ کو موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی ہے جس کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔

مانسہرہ کے علاقوں بالاکوٹ اور کاغان میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ بھی جاری رہا۔بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کے بعد موسم خوش گوار اور دلکش ہوگیا ہے۔

گلگت بلتستان میں بھی موسم نے انگڑائی لی ہے اور ضلع دیامر کے علاقوں نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے صدر مقام پشاور میں بھی بارش ہوئی ہے۔

جہاں ایک طرف ملک کے بالائی علاقوں میں موسم خوش گوار ہوا ہے وہیں حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والی ملک کی تقریباً تین کروڑ تیس لاکھ کی آبادی کے لیے سرد موسم کسی چیلنج سے کم نہیں۔

سیلاب سے صوبۂ سندھ اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے جب کہ جنوبی پنجاب کے علاقوں میں بھی سیلاب نے تباہی مچائی تھی جہاں مختلف مقامات پر لوگ اب بھی بے سروسامانی کے عالم میں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔

سیلاب سے متاثرہ بعض علاقوں میں ابھی تک سیلابی پانی کھڑا ہے جس کی وجہ سے وہاں جلد کی مختلف بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں۔ ان متاثرین کے لیے موسمِ سرما میں راتیں گزارنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG