رسائی کے لنکس

سانحہ ِپشاور، سوشل میڈیا پر عالمی رد ِعمل


ترکی کے وزیر ِاعظم طیب اردگان نے سانحہ ِپشاور کی سخت مذمت کی ہے اور گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے ترکی میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے

پشاور میں آرمی پبلک سکول میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر، جس میں 141سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جن میں 132 بچے شامل ہیں، دنیا بھر میں شدید دکھ اور غم و غصے کے اظہار پر مبنی ردِ عمل سامنے آیا ہے۔

پاکستان میں اس حملے کے بعد، تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

ٹوئٹر پر پشاور حملے سے متعلق مختلف ہیش ٹیگز ٹرینڈ کر رہے ہیں، جس میں #PrayforPeshawar ، #PakSchoolSiege ، #PeshawarAttack وغیرہ شامل ہیں۔

ترکی کے وزیر ِاعظم طیب اردگان نے سانحہ ِپشاور پر سخت مذمت اور گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے، ترکی میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ ترک وزیر ِاعظم نے وزیر ِاعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین کو ٹیلی فون کرکے اس سانحے پر دکھ کا اظہار بھی کیا۔

بھارتی وزیر ِاعظم نریندر مودی کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر پہلی ٹوئیٹ اس وقت کچھ اس طرح ہے، ’بھارت دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم نے وزیر ِاعظم نواز شریف کو بتایا ہے کہ اس دکھ کی گھڑی میں ہم ہر طرح کی مدد کرنے کے لیے تیار ہیں‘۔

حال ہی میں امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی ملالہ یوسفزئی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ، ’پشاور میں ہونے والے سانحے پر میں دل شکستہ ہوں۔ میں ان بزدلانہ کارروائیوں کی مذمت کرتی ہوں اور اس مشکل گھڑی میں حکومت اور افواج ِپاکستان کے ساتھ ہوں جن کی طرف سے اس سانحے کے بعد کی جانے والی کاوشیں قابل ِتعریف ہیں۔ میں بھی دنیا بھر کی طرح ان بچوں اور اپنے بہن بھائیوں کی موت پر غمزدہ ہوں۔ مگر، اس طرح کی کارروائیوں سے ہمیں شکست نہیں دی جا سکتی‘۔

صحافی عمر چیمہ اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہتے ہیں کہ، ’اگر معصوم بچوں کا خون بھی ہمیں جگا نہ سکا تو ہم بحیثیت قوم ہمیشہ سوتے رہیں گے‘۔

صحافی انصار عباسی کے ٹوئیٹ میں سزائے موت پر عملدرآمد کو موٴخر کرنے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ انصار عباسی کا ٹوئیٹ، ’سزائے موت پر عملدرآمد پر تاخیر کو ختم کیا جائے۔ دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز، زیادتی کرنے والے ملزمان، اغوا کرنے والوں کو عوام کے سامنے پھانسی پر لٹکایا جائے‘۔

بھارتی صحافی نریش فرنینڈز نے ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ، ’طالبان کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ اسلام میں ننھے بچوں کا قتل کس طرح جائز ہے؟‘

XS
SM
MD
LG