رسائی کے لنکس

فلسطینیوں کے حق میں پوسٹس؛ بعض سوشل میڈیا صارفین کا 'شیڈو بیننگ' کا الزام


بعض سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فلسطینیوں کے حق میں مواد کی وجہ سے پوسٹس اور اکاؤنٹس معطل کرنے کے الزامات سامنے آرہے ہیں۔

متعدد صارفین کا الزام ہے کہ وہ اگر فلسطینیوں کے حق میں کوئی پوسٹ یا اسٹوری لگا رہے ہیں تو یا ان کی پوسٹس لوگوں تک نہیں پہنچ پا رہیں یا ان کے اکاؤنٹس کو معطل کیا جا رہا ہے، جب کہ کئی کو وارننگ بھی دی جا رہی ہے۔

تحقیقاتی صحافت کے لیے 2022 میں صحافت کا اہم ترین پولٹزر ایوارڈ جیتنے والے صحافی عظمت خان نے بھی حال ہی میں 'شیڈو بیننگ' کا الزام لگایا ہے۔

عظمت خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ 'ایکس' (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے ایک روز قبل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر غزہ سے متعلق ایک اسٹوری لگائی تھی جس کے بعد ان کے اکاؤنٹ کو شیڈو بیننگ کا سامنا کرنا پڑا۔

شیڈو بیننگ کا مطلب یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر صارفین کی پوسٹس دیگر لوگوں تک نہیں پہنچ پا رہیں یا ان کی ریچ محدود ہو جائے۔

عظمت خان نے مزید کہا کہ ان کے دیگر ساتھیوں کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا ہے۔

ان کے بقول یہ جنگ کے بارے میں معلومات تک رسائی اور معتبر صحافت کے لیے ایک غیر معمولی خطرہ ہے۔

ایک اور صارف نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے حال ہی میں ایک ویڈیو لگائی تھی جسے ایک کروڑ بار دیکھا گیا تھا جب کہ انہوں نے اس کے بعد ایک اور ویڈیو لگائی جو اسرائیل کے غزہ پر حملوں سے متعلق تھی، اسے شائع نہیں ہونے دیا گیا۔

کئی پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی جانب سے بھی انسٹاگرام پر فلسطینیوں کے حق میں پوسٹس شیئر کرنے پر شیڈو بیننگ کا الزام لگایا گیا ہے۔

پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر حمنا رضا نے بھی چند اسکرین شاٹ شیئر کیے کہ انہیں انسٹاگرام کی جانب سے کئی وارننگز مل چکی ہیں۔

ان کے علاوہ اور بھی سوشل میڈیا صارفین کو اس طرح کی صورتِ حال کا سامنا ہے۔ البتہ انسٹاگرام کی جانب سے اس بارے میں کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی کہ آیا ایسا فلسطینیوں کے حق میں پوسٹس شیئر کرنے کی جہ سے کیا جا رہا ہے یا یہ ایپ کے الگورتھم کا کوئی مسئلہ ہے۔

XS
SM
MD
LG