رسائی کے لنکس

صومالیہ میں داعش ایک بڑے قصبے پر قابض ہوگئی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلامک اسٹیٹ کے حامی عسکریت پسند صومالیہ کے بنط لینڈ علاقے میں ایک قصبے پر قابض ہو گئے ہیں جو اس علاقے میں ان کے کنڑول میں جانے والا پہلا بڑا قصبه ہے۔

عہدے داروں نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ عسکریت پسند بدھ کی صبح بحیرہ احمر پر واقع ایک قصبے کندالا میں داخل ہو گئے ہیں جو بوصاصو سے تقریباً 90 میل مشرق میں واقع ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر عسکریت پسندوں کو کسی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

بنط لینڈ کی انتظامیہ قصبه چھوڑ کر چلی گئی۔ قصبے کے چیئر مین جامہ محمد مبین نے وائس آف امریکہ کی صومالی سروس کو تصدیق کی کہ داعش نے قصبے پر قبضہ کر لیا ہے۔

قصبے کے ایک رہائشی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ تقربیاً 60 عسکریت پسند قصبے میں داخل ہوئے اور پولیس اسٹیشن اور دوسری تاریخی عمارتوں پر اپنا جھنڈا لہرا دیا۔

اس نے بتایا کہ قصبے کے معززین نے عسکریت پسندوں سے ملاقات کی اور انہیں چلے جانے کے لیے کہا لیکن عسکریت پسندوں کا کہنا تھا کہ وہ کہیں اور نہیں جا رہے اور وہ یہیں رہیں گے۔

عسکریت پسند گروپ الشاب کے ایک سابق رکن کا اندازہ ہے کہ داعش نواز تقریباً 200 جنگجو اس گروپ میں شامل ہیں۔ جب کہ سیکیورٹی أمور کے ایک ماہر کا کہنا ہے کہ ان کی تعداد 300 کے لگ بھگ ہے۔

XS
SM
MD
LG