رسائی کے لنکس

صومالیہ سے بازیاب امریکی کارکن اسپتال میں زیرِ علاج


صومالیہ سے بازیاب امریکی کارکن اسپتال میں زیرِ علاج
صومالیہ سے بازیاب امریکی کارکن اسپتال میں زیرِ علاج

امریکی محکمہ دفاع کاکہنا ہے کہ ایک فوجی آپریشن کے ذریعے صومالی اغواکاروں کے قبضے سے بازیاب کرائی گئی امریکی امدادی کارکن کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

امریکی شہری جیسیکا بچانن کو ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے ان کے ساتھی رضاکار پال ہیگن تھسٹڈ کے ہمراہ تین ماہ قبل مسلح افراد نے وسطی صومالیہ سے اغوا کرلیا تھا۔

بدھ کی شب کئی ہیلی کاپٹروں پر سوار امریکی افواج کے 'اسپیشل آپریشن' اہلکاروں نے صومالیہ کے نامعلوم مقام پر کی گئی چھاپہ مار کاروائی کے دوران جیسیکا کو ان کے ساتھی سمیت اغواکاروں کے قبضے سے رہا کرالیا تھا۔

امریکی کاروائی کے دوران کم از کم نو اغواکار بھی ہلاک ہوگئے تھے۔ محکمہ دفاع کے بیان میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ جیسیکا کو کس ملک میں رکھا گیا ہے۔

امریکی شہری کی بازیابی کا اعلان کرتے ہوئے صدر براک اوباما نے کہا تھا کہ ان کا ملک اپنے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور انہیں نقصان پہنچانے کی کوششوں میں مصروف افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔

بدھ کی صبح ایک نیوز پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی نائب صدر جوزف بائیڈن نے فوجی اہلکاروں کو کامیاب چھاپہ مار کاروائی انجام دینے پر سراہا۔

نائب صدر کا کہنا تھا کہ کاروائی کے لیے وقت کا انتخاب کئی عوامل کی بنیاد پر کیا گیا تھا جن میں سے ایک مغویوں کی صحت کی صورتِ حال بھی تھی۔

بچانن اور ان کے ساتھی ڈنمارک کی تنظیم 'ڈینش ڈیمننگ گروپ' سے وابستہ تھے جو براعظم افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ کے جنگ زدہ علاقوں میں بارودی سرنگوں اور دیگر دھماکہ خیز مواد کی صفائی کا کام انجام دیتی ہے۔

دونوں امدادی کارکنوں کو گزشتہ برس اکتوبر میں وسطی صومالیہ کے شہر گلکایو سے اغوا کرلیا گیا تھا۔

مغویوں کی رہائی کی کاروائی صدر اوباما کے واشنگٹن میں کانگریس کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے 'اسٹیٹ آف دی یونین' خطاب سے چند گھنٹے قبل کی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG