رسائی کے لنکس

صومالیہ میں دھماکے اور فائرنگ سے 10 ہلاک


صومالیہ کے سکیورٹی کے وزیر عبدی رزاق عمر محمد نے وائس آف امریکہ کی صومالی سروس کو بتایا کہ چوکی کے قریب دھماکے سے موقع پر ہی ’نیشنل سکیورٹی ایجنسی‘ کے پانچ اہلکار ہلاک ہو گئے۔

صومالیہ کے دارالحکومت میں دو طاقتور بم دھماکوں اور فائرنگ میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق جمعہ کی شام انتہائی سکیورٹی والے صومالی یوتھ لیگ ہوٹل کے قریب چوکی پر خودکش بمبار نے بارود سے بھرے ایک ٹرک میں دھماکا کر دیا۔

صومالیہ کے سکیورٹی کے وزیر عبدی رزاق عمر محمد نے وائس آف امریکہ کی صومالی سروس کو بتایا کہ چوکی کے قریب دھماکے سے موقع پر ہی ’نیشنل سکیورٹی ایجنسی‘ کے پانچ اہلکار ہلاک ہو گئے۔

حکام کے مطابق تین حملہ آور ایک کار سے نکلے اور فائرنگ کرتے ہوئے ہوٹل میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن اُنھیں سکیورٹی فورسز نے روک لیا۔

صومالیہ کے سکیورٹی کے وزیر کے مطابق ہوٹل کی حفاظت پر مامور محافظوں نے تین حملوں آورں کو ہلاک کر دیا۔

عینی شاہدین نے بھی تصدیق کی کہ الشباب کے جنگجو ہوٹل میں داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہوئے۔

کچھ دیر بعد مسلح حملہ آوروں کی گاڑی میں بھی دھماکا ہوا جس سے مزید جانی نقصان ہوا اور موقع پر بھگدڑ سی مچ گئی۔

صومالی حکومت نے اب تک 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جس میں چار حملہ آور بھی شامل ہیں۔ عینی شاہدین اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد اس سے زیادہ ہے۔

XS
SM
MD
LG