رسائی کے لنکس

الشباب کا روحانی رہبر گرفتار


شیخ حسن ظاہر اویس
شیخ حسن ظاہر اویس

کچھ مقامی لوگوں نے گرفتاری کو اپنے آپ کو حکام کے حوالے کرنے کا نام دیا ہے، کیونکہ، وہ بظاہر، لڑائی لڑے بغیر پیش ہوئے

وسطی صومالیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ایک شدت پسند لیڈر کو حراست میں لیا گیا ہے، جنھیں متعدد لوگ الشباب کا روحانی رہبر گردانتے تھے۔

عہدے داروں نے ’وائس آف امریکہ‘ کی صومالی سروس کو بتایا کہ شیخ حسن ظاہر اویس کو بدھ کے دِن صبح سویرے ہمین اور حیب کے علاقے سے حراست میں لیا گیا۔

کچھ مقامی لوگوں نے اِس گرفتاری کو اپنے آپ کو حکام کے حوالے کرنے کا نام دیا ہے، کیونکہ، وہ بظاہر، لڑائی لڑے بغیر پیش ہوئے۔

مقامی حکام اویس کو مقامی انتظامیہ کو منتقل کرنے کے بارے میں صومالیہ کی وفاقی حکومت سے بات چیت کر رہے ہیں۔

اویس، جن کی عمر 70کے پیٹے میں ہے، ایک ایسے گروپ کے اتحاد کی قیادت کیا کرتے تھے، جو اقوام متحدہ کی حمایت سے تشکیل پانے والی سابق عبوری حکومت کا مخالف تھا، اور یہ اتحاد 2010ء میں الشباب میں ضم ہوگیا تھا۔

حالیہ دِنوں میں الشباب اور اُن کے درمیان تعلقات کشیدہ رہے ہیں، جس کا سبب اُن کے گروپ کی حکمت عملی پر اختلافات بتایا جاتا ہے، جس سے قبل افریقی یونین اور صومالی افواج نے شدت پسندوں کو موغادیشو اور دیگر اہم شہروں سے نکال باہر کیا تھا۔

رولینڈ مارشل ’نیشنل سینٹر فور سائنٹیفک ریسرچ‘ میں شدت پسندی اور دہشت گردی کے بارے میں ماہر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اویس صومالیہ بھر میں اسلامی سیاست سے متعلق مشہور شخصیت ہیں۔

تاہم، وہ کہتے ہیں کہ الشباب میں اویس کو زیادہ تر ایک ’غدار‘ خیال کیا جاتا ہے، جن کی حالیہ برسوں کے دوران حیثیت و عزت تنزل کا شکار تھی۔
XS
SM
MD
LG