رسائی کے لنکس

اقوام متحدہ سے بحری قزاقی کی روک تھام کے لیے فورس قائم کرنے کا مطالبہ


اقوام متحدہ سے بحری قزاقی کی روک تھام کے لیے فورس قائم کرنے کا مطالبہ
اقوام متحدہ سے بحری قزاقی کی روک تھام کے لیے فورس قائم کرنے کا مطالبہ

بحری جہازوں کے مالکان کی ایک بھارتی تنظیم نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صومالی قزاقوں سے مقابلے کے لیے ایک خصوصی فورس قائم کرے۔

انڈین نیشنل شپ اونرز ایسوسی ایشن نے پیر کے رو ز کہا کہ انہوں نے تحریری طورپر بھارتی حکومت سے کہا ہے وہ اقوام متحدہ کے عہدے داروں کے پاس یہ معاملہ اٹھائے۔

ایسوسی ایشن نے کہا کہ قزاقی سے بین الاقوامی پیمانے پر جہاز رانی کی صنعت کو انشورنس، تاوان ، جہازوں پر محافظوں کی تعیناتی اور قزاقوں سے بچنے کے لیے طویل راستے اختیار کرنے پر ہر سال تقریباً 9 ارب ڈالر کے اخراجات برداشت کرنے پڑ رہے ہیں۔

تنظیم کا کہناہے کہ انہوں نے یہ تجویز پیش کی ہے کہ اقوام متحدہ کی خصوصی فورس کے محافظوں کو تجارتی جہازوں پر تعینات کیا جائے اور انہیں ایسے جہازوں پر چڑھنے کا اختیار حاصل ہو، جس پر یہ شبہ ہوکہ ان میں قزاق موجود ہوسکتے ہیں۔

کئی برسوں سے بحری جہازوں کو یرغمال بنانے کی کارروائیوں مصروف صومالی قزاقوں نے اب اپنی کارروائیوں کا دائرہ بحیرہ عرب اور بحر ہند تک بڑھا دیا ہے جو صومالیہ کی ساحل پر واقع ان کے مراکز سے ہزاروں کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں۔

بین الاقوامی سمندروں کی نگرانی سے متعلق ادارے کا کہناہے کہ اس وقت صومالی قراقوں کے قبضے میں 15 بحری جہاز اور عملے کے277 افراد موجود ہیں۔

XS
SM
MD
LG