رسائی کے لنکس

صومالیہ: دفاع کے اعلیٰ عہدے دار باغیوں کے حملے میں بچ گئے


صومالیہ کے محکمہ دفاع کے ایک اعلیٰ عہدے دار دارالحکومت موقا دیشو میں دو کار بموں کے ایک حملے میں بال بال بچ گئے۔

جنگجو مذہبی گروپ الشّباب نے پیر کے روز وزیرِ مملکت برائے دفاع یوسف محمد صیاد پر اس حملے کی ذمّے داری کا دعویٰ کیا ہے ، جو اِندا ایدے کے نام سے زیادہ معروف ہیں۔

اِندا ایدے نے وائس آف امریکہ کی صومالی سروس کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ایک خود کُش حملہ آور نے اپنی کار اُن کی کاروں کے قافلے سے ٹکرا کر دھماکے سے اُڑا دی اور پھر اُس کے چند ہی سیکنڈ بعد ایک اور کار دھماکے کے ساتھ پھٹ گئى۔

موقعے سے ملنے والی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ کم سے کم دو افراد ہلاک اور وزیرِ مملکت کے دو ذاتی محافظوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

حملہ، مکّہ مکرّمہ نامی اُس اہم سڑک پر کیا گیا ، جو صومالیہ کے ایوانِ صدر کو موقادیشو کے ہوائى اڈے سے ملاتی ہے۔

موقادیشو آنے والے دنوں میں مزید لڑائیوں کی تیاری کررہا ہے۔عبوری حکومت کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی اُن مذہبی ملیشیا گروپوں کے خلاف کوئى بڑا حملہ شروع کرے گی، جو دارالحکومت کے بڑے بڑے علاقوں پر قابض ہیں۔

XS
SM
MD
LG