رسائی کے لنکس

صومالیہ: کار بم دھماکے میں 11 ہلاک


حکام کے بقول حملے کے وقت چائے خانے میں سکیورٹی ادارے کے لوگ بھی موجود تھے اور بظاہر اس کا ہدف بھی سکیورٹی اہلکار ہی تھے۔

صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں جمعرات کو ایک کار بم دھماکے میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

یہ دھماکا نیشنل سکیورٹی انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر کے قریب ایک چائے خانے میں ہوا۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چائے خانے کی عمارت میں داخل کر کے اس میں دھماکا کیا۔

حکام کے بقول حملے کے وقت چائے خانے میں سکیورٹی ادارے کے لوگ بھی موجود تھے اور بظاہر اس کا ہدف بھی سکیورٹی اہلکار ہی تھے۔

دہشت گرد تنظیم الشباب نے اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس میں سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔

ایک عرصہ قبل موغادیشو پر الشباب نے تسلط قائم کر رکھا تھا لیکن 2011ء میں افریقی یونین فورسز اور صومالی حکومت نے انھیں یہاں سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا تھا۔

گزشتہ ہفتے بھی شدت پسندوں نے صدارتی محل کے ایک احاطے پر دھاوا بول دیا تھا اس حملے میں خودکش کار بم دھماکے سمیت مسلح شدت پسندوں نے فائرنگ بھی کی۔ اس واقعے میں کم ازکم 17 افراد ہلاک ہوگئے تھے لیکن صدر اس میں محفوظ رہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں الشباب نے ایک کار بم دھماکا کر کے تین فوجیوں سمیت چھ افراد کو ہلاک کردیا تھا۔
XS
SM
MD
LG