رسائی کے لنکس

صومالیہ: سرکاری فورسز اور باغیوں کے درمیان جھڑپیں،14 افراد ہلاک


صومالیہ کے دارالحکومت مقدیشو میں عینی شاہدین کاکہنا ہے کہ حکومت نواز فورسز اور اسلامی شورش پسندوں کے درمیان تازہ ترین جھڑپوں میں کم ازکم 14 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

دارالحکومت کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ شورش پسند تنظیم الشباب سے تعلق رکھنے والے کچھ جنگجوؤں نے رات کے وقت صدارتی محل کی طرف پیش قدمی کی کوشش کی لیکن سرکاری فوجیوں اور افریقی یونین کے امن کاروں نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔

دونوں فریقوں کے درمیان لڑائی میں فائرنگ اور مارٹر گولوں کا تبادلہ ہوا جس کا مرکز مقدیشو کے بوندرے اور شیبس کے علاقے تھے۔14 افراد کی ہلاکتوں کے علاوہ درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔

افریقی یونین فورس کے ایک ترجمان میجر باہوکو باریگے نے کہا ہے کہ اگر الشباب نے سرکاری اداروں کے گرد قائم کی جانے والی ریڈ لائن عبور کرنے کی کوشش کی تو امن کار ان پر حملہ کردیں گے۔

صومالیہ کے صدر شیخ شریف اشرف احمد ان دنوں ، اپنی عبوری حکومت کی مدد میں اضافے کی غرض سے اقوام متحدہ کے تعاون سے ہونے والی کانفرنس کے سلسلے میں استنبول میں ہیں ۔

XS
SM
MD
LG