رسائی کے لنکس

صومالیہ : شدت پسندوں کے حملے میں چھ ارکان پارلیمنٹ سمیت 31 ہلاک


صومالیہ میں فوجی وردی میں ملبوس شدت پسندوں نے منگل کے روز ایک خون ریز حملے میں چھ ارکان پارلیمنٹ سمیت کم از کم 31 افراد کو ہلاک کر دیا ۔

صومالی وزارت اطلاعات نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شدت پسند گروپ الشباب کے دو ارکان صبح کے وقت دارالحکومت موغادیشو میں واقع ہوٹل میں داخل ہوئے اور وہاں موجود افراد پر اندھا دھند فائرنگ کر دی ۔

بیان کے مطابق آخر میں حملہ آوروں نے بارودی مواد میں دھماکا کرکے خود کو اڑا لیا۔ ہلاک ہونے والوں میں پانچ سرکاری سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔

صومالی وزیر اطلاعات عبدی رحمٰن عمر عثمان کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کا مقصد صومالی عوام کو ہراساں کرنے کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔ ان کے بقول ”یہ رمضان کے مقدس مہینے میں ایک قابل مذمت عمل ہے جو بے رحمی اور انسانیت کا احترام نا کرنے کو ظاہر کرتا ہے۔“

واضح رہے کہ الشباب نے ایک روز قبل اقوام متحدہ کی زیر نگرانی کام کرنے والے امن مشن کے خلاف ایک ”بڑی“ جنگ کی دھمکی دی تھی۔

XS
SM
MD
LG