رسائی کے لنکس

یمن میں صومالی بحری قزاقوں کو سزائے موت


یمن میں صومالی بحری قزاقوں کو سزائے موت
یمن میں صومالی بحری قزاقوں کو سزائے موت

یمن کے دارالحکومت صنعا میں قائم ایک خصوصی عدالت نے منگل کے روز چھ صومالی بحری قزاقوں کو سزائے موت اور اِن کے چھ مزید ساتھیوں کو دس دس سال کی قید کی سزا سنائی ہے جو کہ صومالی بحری قزاقوں کے خلاف اپنی طرز کا پہلا عدالتی فیصلہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق بحری قزاقوں کو یہ سزائیں گذشتہ سال اپریل میں خلیجِ عدن میں ایک یمنی تیل بردار جہاز پر قبضہ کرنے اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ لڑائی کے جرم میں سنائی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ جہاز پر بحری قزاقوں کاقبضہ ختم کروانے کے لیے کی گئی کارروائی میں جہاز کے عملے کا ایک رکن ہلاک اور ایک لاپتہ ہو گیا تھا جبکہ چار ارکان زخمی ہوئے تھے۔

یمنی عدالت نے ملزموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ عدن ریفائینری کمپنی کو 20 لاکھ ڈالر معاوضہ ادا کریں جوکہ متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

تیز رفتار کشتیوں میں سوار مسلح صومالی بحری قزاق خلیجِ عدن سے گزرنے والے جہازوں کو تاوان وصول کرنے کی غرض سے تواتر کے ساتھ اغوا کرتے رہے ہیں اور اِنٹر نیشنل میری ٹائم بیورو، جو کہ سمندری حدود میں پیش آنے والے جرائم پر نظررکھتا ہے،کے بقول رواں سال جنوری سے مارچ کے درمیان صومالی بحری قزاق 35 حملے کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG