رسائی کے لنکس

امریکہ: فائرنگ سے جج کا بیٹا ہلاک، شوہر زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کی ریاست نیو جرسی میں نامعلوم شخص نے فائرنگ کر کے ایک خاتون وفاقی جج کے بیٹے کو قتل جب کہ ان کے شوہر کو شدید زخمی کردیا ہے۔

حملہ آور نے جج ایستھر سلاس کی نیو جرسی کے علاقے نارتھ برنس وک میں واقع رہائش گاہ پر اتوار کو فائرنگ کی جس کے بعد وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ریاست کی چیف ڈسٹرکٹ جج فریڈا ولسن نے خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کو بتایا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں جج سلاس کا 20 سالہ بیٹا موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جب کہ اُن کے خاوند مارک اینڈریل زخمی ہوئے ہیں۔

ایک جوڈیشل افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ حملہ آور ڈلیوری بوائے بن کر آیا تھا جس نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے وقت جج سلاس گھر کے تہہ خانے میں تھیں جس کی وجہ سے وہ محفوظ رہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ایک ہی ملزم کے ملوث ہونے کا امکان ہے جس کی تلاش جاری ہے۔

امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) نے بھی اتوار کی شب اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وہ فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کی تلاش میں ہے۔ اگر کوئی شخص جج کے گھر پر فائرنگ کرنے والے ملزم کے بارے میں معلومات رکھتا ہے تو فوری آگاہ کیا جائے۔

یاد رہے کہ جج ایسٹر سلاس ریاست نیوجرسی کے شہر نیوورک میں بطور ڈسٹرکٹ جج خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہیں سابق صدر براک اوباما نے 2011 میں تعینات کیا تھا۔

جج نامزد ہونے سے قبل وہ کئی برسوں تک سرکاری وکیل رہی تھیں۔

نیوجرسی کے گورنر فل مرفی نے ایک ای میل میں جج ایسٹر سلاس کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے نہ سمجھ میں آنے والا عمل قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد ہم کہہ سکتے ہیں کہ گن کنٹرول کا بحران ملک میں اب بھی موجود ہے اور ہر کمیونٹی کو محفوظ بنانے کا کام ابھی مکمل نہیں ہوا۔

XS
SM
MD
LG