رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ فٹبال ٹیم کے کپتان فائرنگ سے ہلاک


حکام نے سینزو کے قتل سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے کے لیے 14 ہزار ڈالرز انعام کا اعلان کیا ہے۔

جنوبی افریقہ کی فٹبال ٹیم کے کپتان اور گول کیپر کو جوہانسبرگ کے قریب نا معلوم مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

27 سالہ سینزو میوا ووسلورس نامی علاقے میں جس گھر میں ٹھہرے ہوئے تھے وہاں دو افراد گھسے جب کہ ایک شخص باہر موجود رہا۔

گولی چلنے کے بعد تینوں جائے وقوع سے فرار ہو گئے۔ گھر میں موجود دیگر افراد اس واقعے میں محفوظ رہے۔

مقامی میڈیا نے اس واردات کو نقب زنی کی کوشش قرار دیا ہے لیکن پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔

سینزو 2015ء کے افریقن کپ آف نیشنز کے چار کوالیفائنگ میچوں میں ٹیم کی قیادت کر چکے تھے۔ وہ جنوبی افریقہ کے فٹ بال کپ اورلانڈو پائریٹس کے کپتان اور گول کیپر بھی تھے۔

انھوں نے اپنا آخری میچ ہفتہ کو کھیلا جس میں ان کی ٹیم کو چار، ایک سے فتح حاصل ہوئی تھی۔

حکام نے سینزو کے قتل سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے کے لیے 14 ہزار ڈالرز انعام کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ تین دنوں میں جنوبی افریقہ میں کھیلوں کے لیے یہ دوسری بری خبر تھی۔ جمعہ کو 800 میٹر کے 2009ء کے ایتھلیٹکس چیمپیئن مبولائنی مولاوڈزی ایک کار کے حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG