رسائی کے لنکس

جنوبی بھارت کی مصالحہ فلمیں کامیابی کا نسخہ نہیں رہیں


ساوٴتھ کی فلموں کے ری میک بنانے کا رجحان 90 کے عشرے میں ختم ہوچکا تھا۔ لیکن یہ سلمان خان ہی تھے جو 2009 میں بننے والی ’وانٹڈڈ‘ کی کامیابی کے ساتھ ری میک کا فیشن دوبارہ بالی وڈ میں لائے

بالی وڈ میں ہٹ فلموں کا ایک بڑا ذریعہ ساوٴتھ کی مصالحہ فلموں کا ’ری میک‘ بھی رہا ہے۔ ایکشن، رومینس، کامیڈی، گانوں اور ڈانس سے پر ساوٴتھ انڈین فلموں کے اکثر بالی وڈ ری میک باکس آفس پر کامیاب رہے ہیں۔ لیکن، پچھلے 6مہینوں کے دورا ن اس ٹرینڈ میں تبدیلی کے آثار نمایاں ہوئے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق گزشتہ 6مہینوں میں ساوٴتھ کی فلموں کے ری میک باکس آفس سے وابستہ توقعات پوری کرنے میں ناکام رہے اور اس میں میگا اسٹار سلمان خان کی فلم ’جے ہو‘ بھی شامل ہے جو سلمان کی اسٹار اپیل کے باوجود زیادہ کمائی نہ کرسکی۔

ساوٴتھ کی فلموں کے ری میک بنانے کا رجحان 90 کے عشرے میں ختم ہوچکا تھا۔ لیکن، یہ سلمان خان ہی تھے جو 2009 میں بننے والی ’وانٹڈڈ‘ کی کامیابی کے ساتھ ری میک کا فیشن دوبارہ بالی وڈ میں لائے۔’وانٹڈڈ‘ تیلگو زبان میں بننے والی فلم ’پوکی ری‘ کا ری میک تھی۔

اسی کامیابی کو سامنے رکھتے ہوئے اگلے سال ایک اور ہٹ فلم ’دبنگ‘ بالی وڈ کے حصے میں آئی ۔ یہ بھی ری میک تھی ۔ اس کے بعد ’باڈی گارڈ‘ اور ’ایک تھا ٹائیگر‘ نے بھی باکس آفس پر کامیابی کے ریکارڈ قائم کردئیے۔

یہ ساوٴتھ فلموں کے ری میکس کا ہی کمال تھا جو پے درپے کامیابیوں کے بعد سلمان خان روپرٹ مرڈوک کے’ اسٹارانڈیا‘ کے ساتھ 80 ملین ڈالرز کا معاہدہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اس معاہدے کے تحت اسٹار انڈیا نے آئندہ 5سالوں میں ریلیز ہونے والی سلما ن کی تمام فلموں کو ٹی وی پردکھائے جانے کے حقوق خرید لئے۔ بالی وڈ کی تاریخ میں یہ اپنی طرز کا واحد اور منفرد معاہدہ تھا۔

لیکن، اب ہوا کارخ بدلتا دکھائی دے رہا ہے۔ سال 2006 میں ریلیز ہوئی تیلگو فلم ’اسٹالن‘ پر بنی ’جے ہو‘ ناکام ثابت ہوئی۔

دوسرے ری میکس کی بات کریں تو اکشے کمار کی ’باس‘ اور شاہد کپورکی ’آر ۔۔راجکمار‘ کو بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ ’آر راجکمار‘ تامل ایکٹر، ڈائریکٹر اور کوریوگرافر پربھودیوا کی فلم تھی۔ ’باس‘ چھٹیوں کے سیزن میں ریلیز ہوئی لیکن باکس آفس اس کے لئے ڈراوٴنا خواب ثابت ہوا اور فلم بری طرح پٹ گئی۔
XS
SM
MD
LG