رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا: بحری جہاز کے لاپتا مسافروں کی تلاش جاری


لاپتا مسافروں کے غمزدہ رشتے دار
لاپتا مسافروں کے غمزدہ رشتے دار

حکام نے اس واقعے میں نو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے ان میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

جنوبی کوریا میں امدادی کارکن جمعرات کو دوسرے دن میں جنوب مغربی ساحل کے قریب بحری جہاز کے ڈوبنے سے لاپتا ہونے والے 287 افراد کی تلاش کی سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں۔

حکام نے اس واقعے میں نو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے ان میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

تیز لہروں کی وجہ سے غوطہ خوروں کو تلاش کے کام اور غرقاب بحری جہاز میں داخل ہونے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ واضح نہیں کہ ڈوبنے والے جہاز کے اندر بھی کوئی زندہ شخص موجود ہے یا نہیں کیونکہ پانی کے اندر کا درجہ حرارت تقریباً بارہ ڈگری سینٹی گریڈ بتایا جا رہا ہے۔

جنوبی کوریا کے وزیر سکیورٹی اور پبلک ایڈمنسٹریشن کانگ بیونگ کیو کا کہنا تھا کہ جہاز کو کرینوں کی مدد سے سمندر سے باہر نکالنے کی کوشش کی جائے گی۔

"گزشتہ رات تین کرینیں جائے حادثہ پر بھیج دی گئی تھیں جب کہ پانچ سو پچپن غوطہ خور بھی متحرک ہیں۔ ایک کرین کل صبح اور مزید دو رات تک یہاں پہنچ جائیں گی۔

درجنوں ہیلی کاپٹر اور کشتیاں بھی امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔ امریکی بحریہ کی بھی ایک کشتی بھی یہاں مدد کے لیے تیار کھڑی ہے۔

چھ ہزار آٹھ سو پچیس ٹن وزنی بحری جہاز منگل کی رات کو جنوب مغربی ساحل سے تقریبا ایک سو کلومیٹر دور جزیرہ جیجو کے لیے روانہ ہوا تھا اور اس پر 470 سے زائد افراد سوار تھے جن میں اکثریت نوجوان طلبا کی تھی۔

حکام کے مطابق جہاز کے ڈوبنے کی تاحال کوئی ٹھوس وجہ سامنے نہیں آسکی ہے لیکن زندہ بچ جانے والے بعض افراد نے بتایا کہ انھوں نے ایک زور دار آواز سنی جس کے بعد بحری جہاز ایک طرف کو جھکتے ہوئے ڈوبنا شروع ہو گیا۔
XS
SM
MD
LG