رسائی کے لنکس

روسی ساخت کا طیارہ جنوبی سوڈان میں گر کر تباہ، 41 ہلاک


ہلاک ہونے والوں میں طیارے میں سوار مسافر، عملے کے ارکان اور زمیں موجود افراد شامل ہیں۔ جنوبی سوڈان کے صدارتی ترجمان کے مطابق حادثے میں طیارے کے عملے کا ایک رکن اور ایک بچہ زندہ بچ گئے ہیں۔

روسی ساخت کا ایک مال بردار طیارہ بدھ کو جنوبی سوڈان کے دارالحکومت سے پرواز سے کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ اس حادثے میں طیارے میں سوار اور زمین پر موجود لوگوں سمیت کم از کم 41 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

جنوبی سوڈان کے صدارتی ترجمان آٹنی ویک آٹنی نے ’روئیٹرز‘ کو بتایا کہ حادثے میں عملے کا ایک رکن اور ایک بچہ زندہ بچ گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جُبا ایئرپورٹ سے پرواز سے کچھ دیر بعد طیارہ دریائے نیل کے ساحل پر آگرا۔

آٹنی نے کہا کہ خیال ہے کہ طیارے میں عملے کے ارکان سمیت 20 افراد سوار تھے جن میں 10 سے 15 مسافر شامل تھے۔

’’ہمیں ابھی اس بات کی تصدیق کرنی ہے کہ طیارے میں کتنے افراد سوار تھے۔‘‘

طیارہ جس جگہ گرا وہاں مچھیرے کام کر رہے تھے جن میں سے متعدد ہلاک ہو گئے۔

ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جائے حادثہ پر کم از کم 41 افراد ہلاک ہوئے مگر کہا کہ اس تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

روسی ذرائع ابلاغ نے ہوابازی کے شعبہ سے وابستہ ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بظاہر جہاز پر گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ طیارہ 1971 میں سوویت یونین میں تیار کیا گیا تھا۔

روس نے سرکاری طور پر اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

XS
SM
MD
LG