رسائی کے لنکس

رپورٹر کی لاٹری نکل آئی۔ لیکن، کتنی بڑی؟


اسپین میں ایک ٹیلی وژن رپورٹر کو کرسمس لاٹری کی کوریج کے دوران معلوم ہوا کہ وہ بھی جیتنے والوں میں شامل ہیں۔ انھوں نے خوشی کے مارے ٹی وی پر براہ راست اعلان کر دیا کہ وہ اسی وقت نوکری چھوڑ رہی ہیں۔ بعد میں انھیں اپنے فیصلے پر معافی مانگنا پڑی۔

آر ٹی وی ای کی ویلنشیا شہر میں کمیونٹی رپورٹر نتالیہ ایسکوڈیرو اتوار کو اسپین کی سالانہ کرسمس لاٹری ال گورڈو کی کوریج کر رہی تھیں۔ برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق، اس سرکاری لاٹری کی مجموعی انعامی رقم دنیا میں سب سے بڑی ہے: یعنی، سوا 2 ارب یورو۔ ایک وقت میں 15 ہزار افراد مختلف انعامی رقوم جیت سکتے ہیں۔

ایک نمبر کے بہت سے ٹکٹ فروخت کیے جاتے ہیں اور ان میں انعام مساوی طور پر تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس سال کا سب سے بڑا انعام 16 ملین یورو تھا اور 40 ٹکٹ ہولڈرز اس میں شریک تھے۔ سب کو چار چار لاکھ یورو ملنے تھے۔

انعامی نمبر کا اعلان ہوا تو نتالیہ خوشی سے جھوم اٹھیں، کیونکہ ان کے ٹکٹ پر وہی نمبر تھا۔ انھوں نے لائیو کوریج کے دوران جشن منانا شروع کر دیا۔ انھوں نے کیمرے کے سامنے انگلی لہراتے ہوئے کہا کہ میں کل سے دفتر نہیں آؤں گی۔ نتالیہ کل سے کام نہیں کرے گی۔

ان کے پیچھے موجود ہجوم ان کی خوشی میں شریک ہوا۔ دفتر میں بھی ان کے ساتھیوں کو یہ خبر ملی تو انھوں نے خوب لطف اٹھایا اور ہنسے مسکرائے۔

بعد میں انکشاف ہوا کہ نتالیہ 4 لاکھ نہیں بلکہ صرف 5 ہزار یورو جیتی ہے۔ لاٹری کا ایک ٹکٹ 200 یورو کا ہوتا ہے اس لیے بہت سے لوگ اس کا ایک حصہ خرید لیتے ہیں۔ نتالیہ نے بھی چند یورو ادا کیے تھے اس لیے ان کا حصہ کم بنا تھا۔

انھوں نے اپنی غلط فہمی پر بعد میں سوشل میڈیا پر معافی مانگی۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ اگلے دن دفتر گئیں یا نہیں۔

XS
SM
MD
LG