رسائی کے لنکس

اسپاٹ فکسنگ کیس: سلمان بٹ کی التواء کی درخواست مسترد


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سابق پاکستانی کپتان سلمان بٹ کی جانب سے اسپاٹ فکسنگ کے معاملے کی سماعت کے التواء کیلیے دائر درخواست مسترد کردی ہے جس کے بعد سماعت حسبِ پروگرام 6 تا 11 جنوری تک قطر کے دارالحکومت دوہا میں ہوگی۔

رواں سال اگست میں پاکستانی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوران اسپاٹ فکسنگ کے الزامات سامنے آنے کے بعد آئی سی سی کی جانب سے سابق پاکستانی کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بالرز محمد عامر اور محمد آصف کو معطل کردیا گیا تھا۔

آئی سی سی نے معاملے کی جانچ پڑتال کیلیے تین رکنی اینٹی کرپشن ٹریبیونل تشکیل دیا تھا جو دستیاب شواہد کا جائزہ لے کر کھلاڑیوں کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔

ٹریبیونل نے معاملے کی سماعت کیلیے 6 تا 11 جنوری کی تاریخ مقرر کی تھی تاہم سلمان بٹ نے اپنے وکلاء کے توسط سے سماعت کے التواء کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔

سابق کپتان نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے معاملے کی کی جانے والی تحقیقات مکمل ہونے تک ٹریبیونل کی سماعت ملتوی کی جائے۔

ٹریبیونل کے سربراہ مائیکل بیلوف نے بدھ کی شب ٹیلی کانفرنس کے ذریعے سلمان بٹ کی جانب سے دائر کردہ اپیل کی سماعت کی ۔ تاہم محمد عامر اور محمد آصف کے وکلاء نے التواء کی درخواست کی مخالفت میں ٹریبیونل کے سامنے تحریری بیانات جمع کراتے ہوئے معاملے کے جلد فیصلہ کی درخواست کی۔

آئی سی سی کی جانب سے بدھ کی شب جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن ٹریبیونل کے سربراہ مسٹر بیلوف نے درخواست کی ٹیلی فونک سماعت اور تحریری بیانات کے جائزے کے بعد سلمان بٹ کی اپیل مسترد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیان کے مطابق سماعت حسبِ پروگرام قطر کے دارالحکومت دوہا میں 6 تا 11 جنوری منعقد ہوگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی تینوں کھلاڑیوں کی جانب سے خود پر عائد پابندی کے خلاف دائر کردہ اپیلیں بھی مسترد کر چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG