رسائی کے لنکس

سری لنکا کے صدر پہلے دورے پر بھارت جائیں گے


فائل
فائل

بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وہ صدر سری سینا کے استقبال کے لیے تیار ہیں۔

سری لنکا کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ صدر میتھری پالا سری سینا رواں ماہ کے وسط میں بھارت کا دورہ کریں گے جو صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔

سری لنکن حکومت کےایک اہلکار نے خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ اپنے دور روزہ دورے کے دوران صدرسری سینا بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

تجزیہ کاروں نے سری لنکن صدر کی جانب سے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لیے بھارت کے انتخاب کو اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ تعلقات درست کرنے کی ایک کوشش قرار دیا ہے جو ان کے پیش رو مہندا راجہ پکسے کے دور میں سردمہری کا شکار تھے۔

حکومت میں آتے ہی صدر سری سینا نے انتظامیہ کو چین کے تعاون سے شروع ہونے والے ان تمام ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کا حکم دیا تھا جن کی منظوری سابق صدر نے دی تھی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سری لنکن صدر کے اس اقدام سے بھارت اور مغربی ملکوں کی تشفی ہوگی جو سری لنکا اور خصوصاً خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ سے نالاں ہیں۔

سابق صدر راجہ پکسے کے دورِ اقتدار میں سری لنکا کا جھکاؤ چین کی طرف بہت زیادہ ہوگیا تھا۔چین 26 سالہ خانہ جنگی کے 2009ء میں خاتمے کے بعد سے سری لنکا کی معیشت کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں مدد بھی کر رہا ہے۔

سری لنکا میں آٹھ جنوری کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں راجہ پکسے کی غیر متوقع شکست کے بعد برسرِ اقتدار آنے والے سری سینا نے صدارت سنبھالنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ ماضی کے برعکس معتدل خارجہ پالیسی اختیار کرتے ہوئے تمام اقوام کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کریں گے۔

بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وہ صدر سری سینا کے استقبال کے لیے تیار ہیں۔

سری لنکن حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم مودی بھی مارچ کے دوسرے ہفتے میں سری لنکا کا جوابی دورہ کریں گے۔

دریں اثنا بدھ کو دارالحکومت کولمبرو میں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سری لنکن صدر نے اعلان کیا کہ وہ پوری قوم کو متحد کرنے کے لیے مفاہمت کی پالیسیوں کو فروغ دیں گے۔

اپنے خطاب میں صدر سری سینا کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کے سامنے سب سے بڑا چیلنج جنوب اور شمال کے لوگوں کے دلوں کو آپس میں جوڑنا ہے۔

XS
SM
MD
LG