رسائی کے لنکس

سری لنکا میں انتخابات کا کامیاب انعقاد، کیری کی مبارک باد


اُنھوں نے کہاہے کہ ’رائے دہی کے جمہوری حق کے استعمال میں، سری لنکا کے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اور ڈالا جانے والا ہر ووٹ سری لنکا کی فتحیابی کا سبب بنا‘

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے سری لنکا میں انتخابات کے کامیاب انعقاد پر ملک کے عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔

بدھ کو جاری کیے گئے ایک بیان میں، اُنھوں نے کہا کہ ’رائے دہی کے جمہوری حق کے استعمال میں، سری لنکا کے عوام نےکثیر تعداد میں شرکت کی اور ڈالا جانے والا ہر ووٹ سری لنکا کی فتحیابی کا سبب بنا‘۔

کیری نے کہا کہ ’امریکہ اس بات کا معترف ہے کہ سری لنکا کے انتخابی کمشنر، افواج، سول سوسائٹی اور خود امیدواروں نے یہ بات یقینی بنائی کہ انتخابات کشیدگی سے پاک رہیں، اور انتخابی مہم کے دوران ہونے والے تشدد کے واقعات میں قابل قدر کمی کو یقینی بنایا۔ یہ بات ضروری ہے کہ آئندہ دِنوں کے دوران بھی یہ کوششیں جاری رکھی جائیں‘۔

انھوں نے انتخابات کے نتائج کو خوش دلی سے تسلیم کرنے پر صدر راجہ پاکسا کو سراہا، جو سری لنکا میں اقتدار کی پُرامن اور شائستگی سے منتقلی کی قابل فخر روایت بنتی جا رہی ہے۔

بقول جان کیری، ’اُن (راجہ پاکسا) کے آج رات کے کلمات، جب اُنھوں نے عوام کے فیصلے کو قبول کیا اور آگے بڑھنے کا جذبہ دکھایا، اہمیت کے حامل ہیں‘۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ منتخب صدر میتھرئی پالا سریسینا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے متمنی ہیں، ایسے میں جب اُن کی نئی حکومت سری لنکا کو ایک پُر امن، سب کی شراکت داری، جمہوریت اور خوش حال مستقبل کے حصول کے لیے کام کریں گے، جن کا اُنھوں نے انتخابی مہم کے دوران ووٹروں سے عہد کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG