رسائی کے لنکس

سری لنکا: صدر نے پارلیمنٹ کو برخواست کردیا


سری لنکا کے صدر مہندا راجا پاکسے نے ملک کی پارلیمنٹ کو برخاست کرتے ہوئے مقررہ وقت سے دوماہ پہلے پارلیمانی انتخابات کی راہ ہموار کردی ہے۔

حکومت کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ صدارتی حکم منگل کی آدھی رات سے نافذالعمل ہوگا۔ ترجمان نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا کہ نئى پارلیمنٹ کو چُننے کے لیے انتخابات کب ہوں گے۔

اس اعلان سے ایک دن پہلے، صدارتی انتخاب میں ہارے ہوئے حزبِ اختلاف کے اصل اُمیدوار اور فوج کے سابق سربراہ سرتھ فان سیکا کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔حکومت نے منگل کے روز کہا ہے کہ وہ فان سیکا کو غدّاری اور صدر راجا پاکسے کے خلاف سازش کرنے کے الزام میں کورٹ مارشل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

مسٹر راجا پاکسے نے پچھلے مہینے کے متنازع صدارتی انتخاب میں فان سیکا کو آسانی سے شکست دے دی تھی۔ لیکن ریٹائرڈ جنرل نے اپنی شکست تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ اُنہیں نومبر میں فوج سے ریٹائر ہونے سے پہلے سیاست میں ملوّث ہونے اور اپنے اس بیان کی بِنا پر کورٹ مارشل کا سامنا کرنا پڑے کہ وہ تامل ٹائیگر باغیوں کے خلاف جنگی جرائم کے ارتکاب کے بارے میں شہادت دیں گے۔

XS
SM
MD
LG