رسائی کے لنکس

بھارت بمقابلہ سری لنکا، ایک میچ میں بنے کئی ریکارڈ


ایک روزہ میچوں میں 30 ویں سنچری کے ساتھ ہی کوہلی نے آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ کوہلی نے 186 اننگز کھیل کر تیس سنچریاں بنائیں جبکہ پونٹنگ نے 349 اور ٹنڈولکر نے 267 اننگز کے بعد یہ کارنامہ سر انجام دیاتھا۔

کولمبو میں ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 238 رنز بنائے جس کے جواب میں بھارت نے مطلوبہ ہدف 46 اعشاریہ 3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

بھارت کے ہاتھوں سری لنکا کو پانچویں ایک روزہ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست کے ساتھ ہی میزبان ٹیم پانچ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش ہوگئی ہے۔ یہی نہیں بلکہ اسی میچ میں کئی ریکارڈ بھی ٹوٹ گئے ہیں۔

کوہلی کی سنچریاں
کپتان ویراٹ کوہلی نے 116 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 110 رنز بنائے۔ ایک روزہ میچوں میں کوہلی کی یہ 30 ویں سنچری ہے۔ اس سنچری کے ساتھ ہی انہوں نے آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ کوہلی نے 186 اننگز کھیل کر تیس سنچریاں بنائیں جبکہ پونٹنگ نے 349 اور ٹنڈولکر نے 267 اننگز کے بعد یہ کارنامہ سر انجام دیاتھا۔

ایک روزہ میچوں میں اب صرف ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر ہی کوہلی سے آگے ہیں۔ ان کی سنچریوں کی تعداد 49 ہے جو انہوں نے مجموعی طور 463 میچ کھیل کر بنائیں۔

ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر
ویرات کوہلی نے ایک روزہ میچوں میں بیٹسمینوں کی آئی سی سی رینکنگ میں 887 پوائنٹس کے ساتھ سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کردیا۔ ٹنڈولکر نے 1998ء میں اتنے ہی پوائنٹس حاصل کیے تھے جو کسی بھی بھارتی بیٹسمین کے سب سے زیادہ پوائنٹس ہیں۔

کوہلی 804 پوائنٹس لے کر ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھی پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ ٹیسٹ رینکنگ میں 806 پوائنٹس کے ساتھ ان کا پانچواں نمبر ہے۔

بھارت کا چھٹی مرتبہ وائٹ واش
بھارت نے پانچ یا اس سے زائد میچوں میں کسی بھی ٹیم کے خلاف پانچویں اور سری لنکا کو دوسری مرتبہ وائٹ واش کیا ہے۔ ویراٹ کوہلی کی قیادت میں تین، مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں دو جبکہ گوتم گمبھیر کی کپتانی میں مخالف ٹیم کو ایک بار وائٹ واش کیا گیا۔

سری لنکا اپنی ہی سرزمین پروائٹ واش
سری لنکا کو اپنی ہی سرزمین پر پہلی بار وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مجموعی طور پر تین مرتبہ سیریز وائٹ واش ہوئی۔ رواں سال اسے دوسری مرتبہ کلین سوئپ شکست ہوئی۔

ایم ایس دھونی کے 100اسٹمپ
اسی میچ میں وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی ایک روزہ میچوں میں 100 اسٹمپس کر کے سب سے زیادہ اسٹمپ آؤٹ کرنے والے وکٹ کیپر بن گئے۔ اس سے قبل سری لنکا کے کمار سنگاکارا 99 اسٹمپس کے ساتھ پہلے نمبر پر تھے، ان کے تمام فارمیٹس میں سب سے زیادہ 161 اسٹمپس ہیں۔

بومرہ کی سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں
بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بومرہ نے سیریز میں مجموعی طور پر 15 وکٹیں حاصل کیں جو پانچ میچوں پر مشتمل سیریز میں دنیا کے کسی بھی فاسٹ بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔

بھارت کے امیت مشرا 18 اور افغانستان کے راشد خان 16 وکٹیں لے چکے ہیں لیکن یہ دونوں اسپن بولرز ہیں۔

XS
SM
MD
LG