رسائی کے لنکس

سنگ باری کے الزام میں گرفتار نوجوانوں کو عام معافی کا اعلان


سنگ باری کے الزام میں گرفتار نوجوانوں کو عام معافی کا اعلان
سنگ باری کے الزام میں گرفتار نوجوانوں کو عام معافی کا اعلان

بھارتی کشمیر میں سنگ باری کے الزام میں گرفتار نوجوانوں کے لیے عام معافی کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم، آتش زنی میں ملوث افراد پر اِس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

عام معافی کا اعلان صوبائی وزیرِ اعلیٰ عمر عبد اللہ نے اتوار کو سری نگر میں منعقدہ ایک اخبار کانفرنس کے دوران کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ گذشتہ موسمِ گرما کے دوران بھارتی کشمیر میں شورش کے دوران اور اُس کے بعد پیش آنے والے 1200سے زائد پتھراؤ کے واقعات میں ملوث جتنے بھی نوجوانوں کو پولیس نے گرفتار کیا ہے اُن کے خلاف درج مقدمات کو واپس لیا جارہا ہے اور اُنھیں غیر مشروط طور پر رہا کرکے اپنے لیے اچھے مستقبل کو تلاش کرنے کا موقعہ فراہم کیا جارہا ہے۔تاہم، اُنھوں نے واضح کیا کہ عام معافی کو دہرایا نہیں جائے گا۔ نیز، اُن افراد پر اِس کا اطلاق نہیں ہوگا جنھیں آتش زنی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

عمر عبد اللہ نے عام معافی کے اعلان کو عید الفطر کی آمد پر حکومت کی طرف سے خیر سگالی کے جذبے کا اظہار قرار دیا۔

صوبائی حکومت نے گذشتہ دِنوں 12سیاسی قیدیوں کو جِن میں سعید گیلانی کے دو قریبی ساتھی بھی شامل ہیں رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔لیکن، سعید گیلانی نے اُسے ناکافی قرار دے دیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ عمر عبد اللہ نے یہ بات دہرائی کہ قیدیوں کی رہائی اور عام معافی کا اعلان کسی دباؤ کے تحت نہیں کیا گیا ہے۔

دریں اثنا، سری نگر میں گذشتہ رات موٹر سائیکلوں پر سوار تقریباً 300نوجوانوں نے ایک پولیس اسٹیشن پر پتھراؤ اور دیسی ساخت کے بموں سے حملہ کیا۔پولیس نے 73حملہ آوروں کو گرفتار اور دس موٹر سائیکلوں کو ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

جنوبی شہر اننت ناگ میں بھی ایک پولیس اسٹیشن پر ایک ہجوم کی طرف سے پتھراؤ کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

  • 16x9 Image

    یوسف جمیل

    یوسف جمیل 2002 میں وائس آف امریکہ سے وابستہ ہونے سے قبل بھارت میں بی بی سی اور کئی دوسرے بین الاقوامی میڈیا اداروں کے نامہ نگار کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔ انہیں ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں اب تک تقریباً 20 مقامی، قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے جن میں کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کی طرف سے 1996 میں دیا گیا انٹرنیشنل پریس فریڈم ایوارڈ بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG