رسائی کے لنکس

ملتان: تحریک انصاف کے جلسے کے بعد بھگدڑ،7 افراد ہلاک


لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے ایک ساتھ باہر نکلنے کی کوشش کی، جبکہ کچھ افراد نے اسٹیج کے قریب جانے کی جبری کوشش کی جس سے کچھ لوگ زمین پر گر گئے اور یوں دیکھتے ہی دیکھتے بھگدڑ مچ گئی

کراچی ۔۔۔ پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں بھگدڑ مچنے سے 7 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو نشتر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے واقعے میں سات افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ایس ایس پی آپریشن ملتان چودھری سلیم نے میڈیا کو بتایا کہ بھگدڑ کا واقع جلسہ ختم ہونے کے بعد لوگوں کے ایک ساتھ نکلنے کی وجہ سے پیش آیا۔

جلسہ گاہ سے نکلنے کے چار پانچ راستے تھے، لیکن حسین آگاہی موڑ کے قریب واقع گیٹ پر جہاں ڈھلان تھا وہاں لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے ایک ساتھ باہر نکلنے کی کوشش کی، جبکہ کچھ افراد نے اسٹیج کے قریب جانے کی جبری کوشش کی جس سے کچھ لوگ زمین پر گر گئے اور یوں دیکھتے ہی دیکھتے بھگدڑ مچ گئی۔

صدیق ثاقب، اے ایم ایس نشتر اسپتال ملتان کا کہنا ہے کہ 40 سے زائد زخمیوں کو نشتر اسپتال لایا گیا۔ ان کا کہنا تھا جن سات افراد کی موت واقع ہوئی ہے وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئے تھے۔ زیادہ ترموت دم گھٹنے سے ہوئیں۔

زخمیوں میں سے کچھ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ کچھ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جلسے کے دوران ہی کئی نوجوان شدید گرمی اور حبس کے باعث بے ہوش ہوگئے تھے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

کچھ مقامی میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ جلسہ گاہ میں عوام کے لیے 3 گیٹ بنائے گئے تھے جن میں سے ایک پارٹی قیادت جبکہ 2 گیٹ خواتین اور مردوں کے لئے تھے۔ تاہم، جلسہ ختم ہوتے ہی پنڈال کی لائٹیں بند کردی گئیں جس کے باعث جلسہ گاہ میں افراتفری مچ گئی۔

XS
SM
MD
LG