رسائی کے لنکس

سمندری طوفان ایان  کی شدت میں اضافہ، فلوریڈا میں ہنگامی حالت کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سمندری طوفان 'ایان' اتوار کے روز کیریبین کے علاقے روندنے کے بعد امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب بڑھ رہا ہے اور حکام کو اندیشہ ہے کہ ساحل سے ٹکراتے وقت وہ ایک بڑے سمندری طوفان کی شکل اختیار کر چکا ہو گا۔

فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سینٹس نے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ طوفان کے خطرے سے مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہیں، جس کے نتیجے میں ریاست کے زیادہ تر حصوں کو شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور بپھرے ہوئے سمندری ریلوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ 'ایان' فلوریڈا کے کس ساحلی علاقے سے ٹکرائے گا۔ طوفان کے راستے اور رفتار پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ فی الحال وہ مغربی ساحلی علاقے کی جانب بڑھ رہا ہے،لیکن اس کی منزل تبدیل بھی ہو سکتی ہے۔

گورنر سینٹس کا کہنا ہے "ہم طوفان کے راستے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، لیکن یہ خدشہ موجود ہے کہ وہ ریاست کے ایک وسیع علاقے کو متاثر کرے گا۔"

سمندری طوفانوں کی نگرانی کے قومی مرکز'نیشنل ہری کین سینٹر' کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیر کی رات یا منگل کی صبح تک کیوبا کے مغربی ساحل سے ٹکرانے سے قبل 'ایان' ایک طاقت ور سمندر ی طوفان کی شکل اختیار کر لے گا۔

سیٹلائٹ سے لی گئی تصویر میں سمندری طوفان ایان کی شدت بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ 24 ستمبر 2022
سیٹلائٹ سے لی گئی تصویر میں سمندری طوفان ایان کی شدت بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ 24 ستمبر 2022

اگلے ہفتے کے وسط میں یہ طوفان فلوریڈا میں شدید بارشوں اور سیلاب کے ساتھ داخل ہو گا اور اس کے نتیجے میں امریکہ کے جنوب مشرقی علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

کیوبا کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ حکام طوفان کی متوقع شدت سے نمٹنے اور اس کا ہدف بننے والے علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، تاہم اتوار تک کسی بھی علاقے کو خالی کرنے کا حکم نہیں دیا گیا تھا۔

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے ہنگامی صورت حال کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی اور فیڈرل ایمرجنسی مینیجمنٹ ایجنسی کو متوقع صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔

صدر نے طوفان کے خطرے کے پیش نظر اپنا 27 ستمبر کا فلوریڈا کا طے شدہ دورہ بھی ملتوی کر دیا ہے۔

میامی میں سمندری طوفان سے متعلق قائم مرکز کے ایک سینئر عہدے دار جان کینگیالوسی نے اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ فلوریڈا کا کون سا علاقہ' ایان' کا شدید ہدف بنے گا۔ اس لیے لوگوں کو چاہیے کہ وہ بجلی کی ممکنہ بندش کے لیے تیار رہیں اور اپنے پاس ضروری سامان کا ذخیرہ کر لیں۔

فلوریڈا کے مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ریاست کے مختلف علاقوں میں لوگوں نے پانی، جنریٹرز اور دیگر سامان کا ذخیرہ کرنا شروع کر دیا ہے۔

فلوریڈا کے ایمرجنسی مینیجمنٹ کے ڈائریکٹر کیون گتھری نے کہا ہے کہ امکانی متاثرہ علاقوں کے لیے کھانے کے 20 لاکھ سے زیادہ پیکٹ اور 10 لاکھ گیلن پانی جمع کر کے اس کے بھیجنے کا انتظام کر لیا گیا ہے۔

طوفان کے خطرے کا سامنا کرنے کے لیے فلوریڈا کے خلائی تحقیق کے مرکز 'کینیڈی اسپیس سینٹر میں بھی تیاری کی جا رہی ہے۔ طوفان کے پیشِ نظر 'ناسا' نے چاند کی جانب اپنے راکٹ کی پرواز ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی ہے اور اس بارے میں بھی غور کیا جا رہا ہے کہ راکٹ کو لانچنگ پیڈ سے ہٹا کر محفوظ جگہ پر منتقل کر دیا جائے۔

سمندری طوفان ہی سے متعلق ایک اور خبر کے مطابق موسمی طوفان 'فیونا' کینیڈا کے بحرہؑ اوقیانوس کے علاقے میں تباہی پھیلا رہا ہے۔ ہفتے کے روز نووا سکوٹیا کے علاقے میں طوفانی ریلے ہزاروں مکانوں میں داخل ہو گئے اور تیز ہوائیں بہت سی عمارتوں کی چھتیں اڑا کر لے گئیں۔ بجلی کی ترسیل کے نظام کو نقصان پہنچنے سے پانچ لاکھ سے زیادہ صارفین برقی رو سے محروم ہو گئے۔

اس رپورٹ کے لیے کچھ مواد ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG