رسائی کے لنکس

یوکرین پر روسی میزائل حملے میں ہلاکتیں؛ برطانیہ کا کیف کو ٹینک فراہم کرنے کا اعلان


15 جنوری، 2023 کو مشرقی یوکرین کے ڈنیپرو میں، اپنے پڑوسی پر روس کے حملے کے دوران، امدادی کارکن روسی میزائل حملے میں تباہ ہونے والی رہائشی عمارت پر کام کر رہے ہیں۔
15 جنوری، 2023 کو مشرقی یوکرین کے ڈنیپرو میں، اپنے پڑوسی پر روس کے حملے کے دوران، امدادی کارکن روسی میزائل حملے میں تباہ ہونے والی رہائشی عمارت پر کام کر رہے ہیں۔

یوکرین کے جنوب مشرقی شہر ڈنیپرو میں روسی میزائل حملے میں نشانہ بننے والی عمارت کے ملبے میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری ہے جب کہ حکام نے30 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

ہفتے کو روسی حملوں کے کچھ ہی گھنٹوں بعد برطانیہ نے اعلان کیاتھا کہ وہ یوکرین کو روسی جارحیت سے نمٹنے کے لیے 'چیلنجر ٹو' نامی ٹینک فراہم کرے گا۔

خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق روسی حملے میں تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے کے باہر لوگ اپنے زندہ بچ جانے والوں کے بارے میں اچھی خبر کے منتظر ہیں۔

دوسری جانب روس اور یوکرین کا شمالی ہمسایہ ملک بیلاروس پیر سے مشترکہ جنگی مشقیں شروع کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے'رائٹرز' کے مطابق علاقائی گورنر کی مشیر نتالیہ باباچینکو نے کہا ہے کہ یوکرین میں روسی حملے کے نتیجے میں 30 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 30 سے زائد زیرِ علاج ہیں جن میں سے 12 کی حالت تشویش ناک ہے۔

باباچینکو نے شبہ ظاہر کیا کہ اب بھی 30 سے 40 کے قریب افراد ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔

یوکرین کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف جنرل ویلری زلوزنی نے کہا کہ روس نے ہفتے کو 33 کروز میزائل داغے جن میں سے 21 کو مار گرایا تھا۔

فضائیہ کی کمان نے کہا کہ اپارٹمنٹ کی عمارت کو نشانہ بنانے والا میزائل Kh-22 تھا جسے روس کے کرسک علاقے سے لانچ کیا گیا تھا، لیکن یوکرین کے پاس اس قسم کے ہتھیاروں کو روکنے کے قابل نظام نہیں ہے۔

یوکرین میں جنگ سے بچوں کی نفسیات پر اثرات
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:15 0:00

روس کی وزارتِ دفاع نے یوکرین میں میزائل حملوں کی ذمے داری قبول کی لیکن ڈنیپرو کی رہائشی عمارت پر حملے کا ذکر نہیں کیا۔ عمارت کے بعض رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اس کی کوئی اسٹرٹیجک فوجی اہمیت نہیں ہے۔

اتوار کو برطانیہ کی وزارت دفاع نے کہا کہ اس بات کا امکان ہے کہ روس موسمِ بہار 2023 کی بھرتیوں کے لیے عمر کی حد کو 27 سے بڑھا کر 30 کر دے گا، یوں روسی افواج بھرتیوں میں کم از کم 30 فی صد اضافہ کر سکیں گی۔

روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ وہ اس اقدام کی حمایت کرتے ہیں ۔

( اس خبر میں شامل مواد خبر رساں ادارے اے پی، اے ایف پی اور رائٹرز سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG