رسائی کے لنکس

برطانیہ: جہاز سے گرنے والا شخص ہلاک


ذرائع ابلاغ کی خبروں کےمطابق، جہاز کے پہیوں کےاندر چھپ کر طویل فضائی سفر کرنے والا متاثرہ شخص، مبینہ طور پر جہاز سے ایک کاروباری ادارے کی چھت پر گرنے کے بعد ہلاک ہوا

برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت لندن کی ایک عمارت کی چھت سے مشتبہ شخص کی لاش ملی ہے جس کے بارے میں خیال ہے کہ وہ برٹش ایئرویز کی پرواز سےنیچے گرا ہے۔

ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق، جہاز کے پہیوں کےاندر چھپ کر طویل فضائی سفر کرنے والا متاثرہ شخص، مبینہ طور پر جہاز سے ایک کاروباری ادارے کی چھت پر گرا تھا۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی صبح ساڑھے نو بجے پیش آیا، جب بوئنگ 747 طیارہ ہیتھرو ہوائی اڈے پر لینڈنگ سے پہلے مغربی لندن کےعلاقے رچمنڈ کے اوپر نچلی پرواز کر رہا تھا۔

اسکائی نیوز کے مطابق، برطانوی ایئرویز کی پرواز گذشتہ روز جب جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ سے آٹھ ہزار میل کی مسافت طےکرکے، ہیتھرو ہوائی اڈے پر پہنچی، تو اس کے انڈر کیرج (پہیوں والی جگہ) کے اندر ایک شخص چھپا ہوا تھا، جسے عملے نے بے ہوشی کی حالت میں طیارے سے باہر نکالا۔

خیال ہےکہ دو افراد بدھ کو جوہانسبرگ سے ہیتھرو کی پرواز کی روانگی سے پہلے چوری سے جہاز کے پہیوں کے اندر چھپ گئے تھے۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کےترجمان نے کہا کہ پولس اور لندن ایمبولینس سروس کو ایک کاروباری احاطے کی چھت پر سے ایک مردہ شخص کی لاش ملی ہے۔

پولیس نے فی الحال مرنے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی، اور اس کی موت کی وجوہات کو نامعلوم بتایا ہے۔ تاہم، پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات سے پتا چلتا ہے کہ یہ لاش جہاز پر چھپ کر سفر کرنے والے ایک شخص کی ہے۔

معجزانہ طور پر بچ جانے والےدوسرے شخص کی عمر لگ بھگ چوبیس سال بتائی گئی ہے، اسے فوری طور پر اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

ہلاک ہونے والے شخص کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ 14 گھنٹے اور 5 منٹ کی طویل پرواز کے دوران جہاز کےپہیوں کے اندر چھپا ہوا تھا، جبکہ جہاز اس دوران ہزاروں فٹ کی بلندی پر اڑتا رہا اور اس شخص کو نقطہ انجماد سےکم درجہ حرارت اور آکسیجن کی کمی کا سامنا کرنا پڑا ہوگا۔

برطانوی ایئرویز کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم پولیس اور جوہانسبرگ کےحکام کے ساتھ ملکر اس غیر معمولی واقعہ کےحقائق سےمتعلق چھان بین کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی پروازوں کےاعداد و شمار سے پتا چلتا ہے اس علاقے کے اوپر سے جب طیارہ گزرتا ہے تو وہ 1400 ہزار فٹ کی بلندی پر ہوتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیتھرو کی پرواز کے فضائی راستے میں آنے والے علاقےرچمنڈ میں اس سے پہلے بھی جہاز سے لٹک کر سفر کرنے والوں کے گرنے کے کئی واقعات پیش آئے ہیں۔

ستمبر 2012 میں رچمنڈ سے قریبی علاقے میں ایک 24 سالہ نوجوان انگولا سے ہیتھرو جانے والی پرواز سے گر کر ہلاک ہوگیا تھا۔

اسی طرح، موزمبیق سے تعلق رکھنے والا ایک 26 سالہ نوجوان جہاز پر لٹک کر زندہ بچ جانے والا شخص سمجھا جاتا ہے اور جس وقت طیارہ زمین پر اترا تو وہ تقریباً مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔

اس کے علاوہ،2013 میں استنبول سے ہیتھرو کی پراوز پر چھپ کر سفر کرنے والا ایک نوجوان منجمد کرنے والی سردی سے جم کر ہلاک ہوگیا تھا۔

XS
SM
MD
LG