رسائی کے لنکس

اسرائیل: ملازمین کی ہڑتال کے باعث بندرگاہ بند


اسرائیل کے شہر حیفہ کی بندرگاہ کا ایک منظر
اسرائیل کے شہر حیفہ کی بندرگاہ کا ایک منظر

حیفہ کے ملازمین کی انجمنوں نے حکومت کی جانب سے نجی بندرگاہوں کے قیام کے اعلان کے خلاف غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

بحیرۂ روم کے کنارے واقع اسرائیل کے شہر حیفہ کی سرکاری بندرگاہ پر ملازمین کی ہڑتال کے باعث کام ٹھپ ہوگیا ہے۔

حیفہ کا شمار اسرائیل کی اہم ترین بندرگاہوں میں ہوتا ہے اور اسرائیل کے 'چیمبر آف شپنگ' کے نائب صدر ڈیوڈ کیسل کے مطابق ملازمین کی ہڑتال کے باعث اسرائیل کی درآمدات و برآمدات کو ہر گھنٹے بھاری نقصان برداشت کرناپڑ رہا ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیل کی تقریباً تمام درآمدات و برآمدات سمندر کے راستے انجام پاتی ہیں اور بندرگاہوں کی اس کلیدی اہمیت کے باعث ان کے ملازمین کی انجمنوں کا شمار ملک کی طاقت ور ترین تنظیموں میں ہوتاہے۔

حکام کے مطابق حیفہ کے ملازمین کی انجمنوں نے حکومت کی جانب سے نجی بندرگاہوں کے قیام کے اعلان کے خلاف غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

اسرائیلی حکومت بحیرۂ روم کے کنارے اشدود اور حیفہ کے شہروں کے نزدیک دو مزید بندرگاہوں کے قیام کی خواہاں ہے جنہیں نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا۔

لیکن ان دونوں شہروں میں پہلے ہی سے سرکاری بندرگاہیں موجود ہیں جہاں کے ملازمین اس منصوبے کو اپنی ملازمتوں کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں اور اس پر احتجاج کرتے رہے ہیں۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ ملازمین کی انجمنیں نئی بندرگاہوں کا قیام سرے سے ہی مسترد کریں گی یا کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر ان کے قیام کی اجازت دے دیں گی۔

XS
SM
MD
LG