رسائی کے لنکس

سورج کی کرنیں موٹاپا کم کرسکتی ہیں: تحقیق


مطالعے کی روشنی میں سائنسدانوں کو پتا چلا ہے کہ سورج کی کرنیں موٹاپا اور ذیابیطس 2 کی علامات کو سست کر سکتی ہے۔

انسانی صحت پر سورج کی روشنی کے ممکنہ فوائد کے حوالے سے شائع ہونے والی ایک تحقیق سے وابستہ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ سورج کی روشنی موٹاپا بھگانے کا ایک آسان اور سستا علاج ثابت ہو سکتی ہے۔

اس نئے مطالعے کی روشنی میں محققین کو پتا چلا ہے کہ سورج کی کرنیں موٹاپا اور ذیابیطس 2 کی علامات کو سست کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

سائنسی رسالے 'ڈائی بیٹیک جرنل' میں شائع ہونے والے مطالعے میں ساؤتھ ہمپٹن یونیورسٹی، ایڈنبرگ یونیورسٹی اور آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں کی ٹیم نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ان کے تجربے کے دوران موٹے چوہوں کو سورج کی بالائے بنفشی شعاعوں (الٹرا وائلٹ ریز) میں رکھنے سے ان کی بھوک کم ہو گئی جس سے ان کے وزن میں اضافے کی رفتار بھی سست پڑ گئی۔

اس تجربے سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ اس دوران موٹے چوہوں میں ذیا بیطس کے خطرے کی علامات، مثلاً خون میں گلوکوز کی غیر معمولی سطح اور انسولین سے مزاحمت کم نظر آئی ہے۔

ماہرین کہتے ہیں سورج کی روشنی میں بیٹھنے سے ہماری جلد وٹامن ڈی پیدا کرتی ہے جس سے خون میں وٹامن ڈی (حیاتین) کا اخراج ہوتا ہے۔ لیکن حیرت کی بات یہ تھی کہ حیاتین اس کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کرتی ہے ۔

البتہ سائنسدانوں کے مطابق سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعوں کے ذریعے علاج کا عمل دراصل جلد سے خارج ہونے والے نائٹرک آکسائیڈ (این او ) کے ساتھ منسلک تھا۔

نائٹرک آکسائیڈ کا ذخیرہ قدرتی طور پر ہماری جلد کے اوپری تہوں میں موجود ہے جس کا اخراج سورج کی روشنی میں ہوتا ہے۔

ایک تجربے میں جب سائنسدانوں نے چوہوں کی جلد پر نائٹرک آکسائیڈ مرکب پر مشتمل ایک کریم لگائی تو اس سے بھی موٹے چوہوں کی بھوک کم ہوئی۔ یعنی نائٹرک آکسائیڈ کے اخراج کے اثرات ایک ہی جیسے رہے۔

یونیورسٹی آف ایڈنبرگ کے ایک سینئیر محقق ڈاکٹر رچرڈ ویلر کا کہنا ہے کہ کئی مطالعاتی جائزوں کے نتائج بتاتے ہیں کہ دھوپ کے متلاشی افراد لمبی زندگی پاتے ہیں بنسبت ایسے لوگوں کے جو ساری زندگی سائیے کی پناہ میں گزارتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس طرح ہمیں یہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ سورج ہمارے لیے کس طرح سے فائدہ مند ہے۔ دوسری جانب ہمیں یہ بات بھی یاد رکھنی چاہیے کہ دھوپ سینکنے میں توازن رکھنا بھی انتہائی ضروری ہے۔

ساؤتھ ہمپٹن یونیورسٹی سے منسلک تحقیق کے معاون پروفیسرمارٹن فیلیش نے کہا ہے کہ ہمارے مشاہدے سے مزید اس بات کی نشاندہی ہوئی ہے کہ نائٹرک آکسائیڈ کی جو مقدار ہماری جلد سے خارج ہوتی ہے اس کے اثرات ہماری صحت کے لیے فائدہ مند ہو سکتے ہیں۔ یہ نہ صرف ہمارے دل کی صحت، وریدوں کے دباؤ کو کم کرنے اور انھیں لچکدار بنانے کے لیے بلکہ ہمارے میٹا بولک سینڈروم پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔

تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر شیلے گورمین نے کہا کہ تحقیق سے پتا چلتا ہےکہ سورج کی روشنی صحت مندانہ طرز زندگی گزارنے کے لیے ایک اہم عنصر تھی۔

انھوں نے کہا کہ سورج کی روشنی میں مناسب وقت گزارنے سے اور پابندی سے کسرت کرنے کے ساتھ صحت مند خوراک کے استعمال سے بچوں میں موٹاپے کے سنگین خطرات سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔

تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ سورج کی روشنی کے انسانی صحت پر بھی یکساں اثرات کا جائزہ لینے کے لیے ابھی مزید مطالعوں کی ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG