رسائی کے لنکس

سوڈان: فوج پر ہلاکتوں اور جنسی زیادتیوں کا الزام


سوڈان: فوج پر ہلاکتوں اور جنسی زیادتیوں کا الزام
سوڈان: فوج پر ہلاکتوں اور جنسی زیادتیوں کا الزام

انسانی حقوق کی ایک تنظیم کا کہناہے کہ سوڈان کی سرکاری فورسز شورش زدہ سرحدی ریاست نیل ازرق میں لوگوں کو ہلاک اور خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنارہی ہیں۔

تنظیم ایناگ پراجیکٹ نے منگل کے روز مذکورہ ریاست میں ہلاکتوں کے مبینہ الزامات کی تحقیقات کے اپنے مطالبے کو دوہرایا۔ اس علاقے میں سرکاری فورسز ستمبر سے باغیوں کے ساتھ لڑائیوں میں مصروف ہیں۔

امریکہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم جسے فلم اسٹار جارج کلونی کی حمایت حاصل ہے، کہاہے کہ اس کی رپورٹ کی بنیاد ایتھوپیا میں ریاست نیل ارزق کے پناہ گزینوں کے ساتھ اکتوبر کے آخر میں کیے جانے والے انٹرویوز ہیں۔

تنظیم نے ایک پناہ گزین کے حوالے سے کہا ہے کہ فوجیوں نے ام دارفا کے قصبے میں عام شہریوں کا پیچھا کیا، اوربقول ان کے، انہیں بے دردی سے ہلاک کیا۔ ایک اور پناہ گزین کا کہناتھا کہ سرکاری ملیشیاء نے قصبے میں سے کچھ خواتین کو پکڑلیا اور ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔

پناہ گزینوں کا کہناتھا کہ ان کا خیال ہے کہ انہیں ان کی کالی رنگت کی وجہ سے نشانہ بنایا جارہاہے۔

وہاں سے آنے والی رپورٹوں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں کی جاسکتی کیونکہ سوڈان کی حکومت نے نیل ازرق یا جنوبی کردفان کے علاقے میں غیر ملکی امدادی اداروں کو کام کرنے سے روک رکھاہے۔ یہ وہ علاقے ہیں جہاں سوڈانی حکومت باغیوں سے برسرپیکار ہے۔

یہ دونوں ریاستیں جنوبی سوڈان کی سرحد پر واقع ہیں جو جولائی میں سوڈان سے الگ ہوکر ایک آزاد ملک بن گیاتھا۔

XS
SM
MD
LG