رسائی کے لنکس

کابل کے تعلیمی ادارے میں خودکش دھماکہ؛ ہلاکتوں کی تعداد 30 ہو گئی


افغانستان کے دارالحکومت کابل کے 'کاج ایجوکیشن سینٹر' میں جمعے کو خودکش حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 30 ہو گئی ہے جب کہ 40 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق تعلیمی ادارے میں خودکش حملہ جمعے کو اُس وقت ہوا جب وہاں داخلے کا امتحان جاری تھا۔ افغانستان میں عموماً جمعے کے روز تعلیمی ادارے بند رہتے ہیں۔

اب تک فوری طور پر خودکش حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ "معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا دشمن کی غیر انسانیت اور اور اخلاقی اقدار کی کمی کو ثابت کرتا ہے۔

طالبان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے طالبان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان میں ہر نسل سے تعلق رکھنے والے افراد کے حقوق کا تحفظ کرے، تاکہ وہ پرامن ماحول میں اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔

مقامی شہری غلام صاق نے 'رائٹرز' کو بتایا کہ "وہ اپنے گھر میں موجود تھے کہ اچانک ایک زور دار آواز آئی اور جب انہوں نے باہر جا کر دیکھا تو تعلیمی ادارے سے دھواں اٹھتا نظر آیا جس کے بعد اہلِ علاقہ مدد کے لیے جمع ہو گئے۔

ان کے بقول انہوں نے اپنے دوست کی مدد سے دھماکے کے مقام سے 15 زخمیوں اور نو مردہ افراد کو باہر منتقل کیا جب کہ دیگر لاشیں کلاس روم کی کرسیوں اور ٹیبلوں کے نیچے موجود تھیں۔

یار رہے کہ اگست 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے افغانستان میں دھماکوں کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔

سن 2020 میں بھی کابل کے ایک تعلیمی ادارے میں دھماکہ ہوا تھا جس میں لگ بھگ 24 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

XS
SM
MD
LG