رسائی کے لنکس

کابل: خودکش حملے میں تین افراد ہلاک، 15 زخمی


کسی گروپ نے فوری طور پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ (فائل فوٹو)
کسی گروپ نے فوری طور پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ (فائل فوٹو)

افغانستان کے صوبے کابل میں بدھ کو ہونے والے خود کش حملے میں تین افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔

افغان وزارتِ داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ خود کش بمبار نے کابل کے ضلع چھار آسیاب کے علاقے ریشخور میں شہریوں کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑایا۔ تاہم حکام نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

ریشخور کا علاقہ دارالحکومت کابل سے 11 کلو میٹر کی دوری پر ہے۔

فوری طور پر حملے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ افغانستان میں خودکش حملہ ایسے موقع پر ہوا ہے جب امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کے تحت طالبان اور افغان قیدیوں کے تبادلے کا عمل جاری ہے۔

مذکورہ معاہدے کے تحت افغان حکومت کو پانچ ہزار قیدی رہا کرنے ہیں جب کہ طالبان بھی ایک ہزار افغان قیدیوں کو رہا کرنے کے پابند ہیں۔

قیدیوں کا تبادلہ سست روی کا شکار ہے البتہ اس دوران افغانستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور تشدد کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

افغان حکومت کا مؤقف ہے کہ قیدیوں کے مکمل تبادلے سے قبل طالبان کو تشدد میں کمی اور جنگ بندی کرنا ہو گی۔ تاہم طالبان افغان حکومت کے اس مطالبے کو مسترد کرتے آئے ہیں۔

امریکہ نے بھی طالبان پر زور دیا تھا کہ وہ رمضان کے مہینے میں جنگ بندی کر لیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے (اے ایف پی) کے مطابق افغان حکام کا کہنا ہے کہ 29 فروری کو دوحہ میں معاہدے پر دستخط کے بعد سے طالبان لگ بھگ یومیہ 55 حملے کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کی ایجنسی کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کے مقابلے میں افغان فورسز کی فضائی کارروائیاں بچوں کی ہلاکت کا سبب بن رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG