رسائی کے لنکس

امن و سلامتی کے فروغ کے لیے امریکہ افغانستان کی مدد جاری رکھے گا: اعلیٰ اہل کار


امریکی نائب وزیر خارجہ، جان جے سلیوان نے کابل میں صدر اشرف غنی اور چیف اگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور دیگر سرکاری حکام سے ملاقات کی ہے۔ محکمہٴ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سلیوان جنوری 29 اور 30 کو افغانستان کے دورے پر تھے۔

ملاقاتوں کے دوران، نائب وزیر خارجہ نےحالیہ دِنوں کے دوران ملک بھر میں ہلاک ہونے والے افراد کے لیے تعزیت کی جب کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش کا اظہار کیا۔

سلیوان نے’’دہشت گردی کی احقمانہ کارروائیوں کی مذمت کی اور اِن سے بہادری کے ساتھ نبردآزما ہونے پر افغان سکیورٹی فورسز اور بچاؤ اور امداد کے کام پر مامور کارکنان کی فرض شناسی کو سراہا‘‘۔

ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیر خارجہ نے صدر غنی اور ڈاکٹر عبداللہ سے افغان سکیورٹی، إصلاحات اور امن کی کوششوں پر بات چیت کے علاوہ صدر ٹرمپ کی جانب سے جنوبی ایشیا کی حکمتِ عملی کے اعلان کے بعد دیے گئے چھ ماہ کے ہدف سے متعلق گفتگو کی۔

بیان کے مطابق، دیگر ترجیحات جن پر سلیوان اور افغان قائدین کے درمیان گفتگو ہوئی اُن میں سیاسی استحکام قائم رکھنے اور بروقت، قابل بھروسہ اور سب کی شمولیت کو یقینی بناتے ہوئے انتخابات منعقد کرانے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

نائب وزیر خارجہ نے اصلاحات کے لیے جاری کوششوں پر افغان حکومت کو سراہا، جس کا مقصد مزید پُرامن اور محفوظ افغانستان کے لیے کوشش کرنا ہے۔

نوئرٹ نے کہا ہے کہ سرکاری اہل کاروں سے ملاقاتوں کے علاوہ نائب وزیر خارجہ نے ملک بھر کے نمائندہ نوجوان راہنماؤں، ذرائع ابلاغ کے ارکان، امداد اور انسانی ہمدردی کے کام سے وابستہ قائدین اور افراد سے بھی ملاقاتیں کیں۔

اپنی ملاقاتوں کے دوران، نائب وزیر خارجہ نے امن عمل، انتخابات اور سب کی شراکت سے آگے بڑھنے کے علاوہ ترقی کی کوششوں کو فروغ دینے پر گفتگو کی۔

ترجمان نے بتایا کی سلیوان نے امن، سلامتی اور افغانستان اور خطے میں مستحکم معاشی افزائش کو یقینی بنانے کے لیے حکومت اور عوام کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

XS
SM
MD
LG