رسائی کے لنکس

نیپال: زلزلے سے ماؤنٹ ایورسٹ کے راستے کو نقصان


نیپال میں 27 اپریل کو آنے والے زلزلے کے بعد ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ میں پھنسے سیاحوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نکالا گیا تھا
نیپال میں 27 اپریل کو آنے والے زلزلے کے بعد ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ میں پھنسے سیاحوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نکالا گیا تھا

سروے میں کہا گیا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں لکلا کے ہوائی اڈے سے ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ تک جانے والے راستے کو خاصا نقصان پہنچا ہے۔

ایک سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ نیپال میں آنے والے حالیہ زلزلے سے دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کی طرف جانے والے راستے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

مذکورہ سروے نیپال کی حکومت کی ہدایت پر ایک بین الاقوامی انجینئرنگ کمپنی کے ماہرین نے کیا ہے جس کا مقصد اپریل میں آنے والے زلزلے سے ماؤنٹ ایورسٹ کے نزدیکی علاقے کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لینا تھا۔

سروے میں کہا گیا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں لکلا کے ہوائی اڈے سے ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ تک جانے والے راستے کو خاصا نقصان پہنچا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لکلا کے ہوائی اڈے سے بیس کیمپ تک کا راستہ ایک ہفتے کی پیدل مسافت اور دشوار گزار پہاڑی راستوں پر مشتمل ہے جس پر کوہ پیماؤں کے آرام کے لیے قائم کی جانے والی 17 فی صد قیام گاہیں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔

نیپال دنیا کی بلند ترین چوٹی اور دیگر بلند و بالا پہاڑوں اور قدرتی نظاروں کے باعث دنیا بھر کے سیاحوں میں خاصا مقبول ہے جن سے حاصل ہونے والی آمدنی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

حکام کےمطابق ہر سال دنیا بھر سے 40 ہزار سے زائد سیاح اور کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ کا رخ کرتے ہیں۔

لیکن اپریل میں آنے والے زلزلے نے ملک کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کے ساتھ ساتھ قدرتی حسن کو بھی متاثر کیا ہے جس کے نتیجےمیں ملک میں سیاحت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

زلزلے کے نتیجے میں نیپال میں لگ بھگ نو ہزار افراد ہلاک اور ہزاروں گھر تباہ ہوگئے تھے جس کے بعد متاثرین کی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیرِ نو کی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔

نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ وہ مون سون کی بارشیں ختم ہوتے ہی ماؤنٹ ایورسٹ تک جانے والے راستے کی مرمت کا کام شروع کردیں گے جسے موسمِ خزاں کی آمد سے پہلے پہلے مکمل کرلیا جائے گا۔

موسم سازگار ہونے کے باعث بیشتر کوہ پیما اور سیاح موسمِ گرما کے اختتام پر اور خزاں کا آغاز میں ماؤنٹ ایورسٹ کا رخ کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG