رسائی کے لنکس

کرکٹر دھونی پر بننے والی فلم بھارتی سنیما گھروں میں دوبارہ ریلیز کرنے کا اعلان


بھارت کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی زندگی پر بننے والی فلم 'ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ اسٹوری' ایک بار پھر بھارت کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

اس فلم میں آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے ایم ایس دھونی کا کردار ادا کیا تھا۔ اب ان کے مداح انہیں دوبارہ بڑی اسکرین پر دیکھنے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

بھارتی پروڈکشن اور ڈسٹری بیوشن کمپنی 'اسٹار اسٹوڈیوز' کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ اسٹوری' 12 مئی کو بھارت بھر کے سنیما گھروں میں ہندی، تامل، اور تیلگو زبان میں ریلیز کی جائے گی۔

بھارتی اخبار 'دی ہندو' کے مطابق اسٹار اسٹوڈیوز کے سربراہ بکرام دوگل نے اپنے بیان میں کہا کہ "یہ فلم نا صرف اسٹار بلکہ پورے بھارت کے لیے خاص فلم رہی ہے جو ہمارے کامیاب کرکٹ کپتان کی زندگی کے متاثر کن سفر کی عکاسی کرتی ہے۔"

ان کے بقول "فلم کو دوبارہ ریلیز کرنے کا مقصد ایم ایس دھونی کے مداحوں کے لیے کرکٹ کے جادوئی لمحات کو دوبارہ زندہ کرنے کا ایک اور موقع فراہم کرنا ہے۔"

اس فلم میں اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے ایم ایس دھونی کا کردار ادا کیا تھا۔ اداکارہ کیارا اڈوانی اور دیشا پاٹنی نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

'ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ اسٹوری' کی ہدایات نیرج پانڈے نے دی تھیں۔ جب کہ اس فلم نے دنیا بھر سے 215 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔

یاد رہے کہ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت جون 2020 میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG