رسائی کے لنکس

148 سالوں میں سڈنی میں دسمبر کی گرم ترین رات


آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے مکینوں کو بدھ کی رات کو مسلسل دوسری گرم ترین رات کا سامنا رہا ہے اور گزشتہ 148 سالوں کے دوران یہ دسمبر کی گرم ترین رات تھی۔

گرمی کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا کہ رات کا اندھیرا چھا جانے کے بعد بھی کئی افراد گرمی سے بچنے کے لیے ساحل سمندر پر ہی موجود رہے۔

آسٹر یلیا کے محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار جارڈن نوتارا نے کہا کہ آسٹریلیا کے سب سے بڑے شہر میں بدھ کی صبح کا کم سے کم درجہ حرارت 27.1 ڈگری سیلسیس (80.8 ڈگری فارن ہائیٹ) ریکارڈ کیا گیا۔

اس سے قبل دسمبر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت 1868 میں کرسمس کے دن ریکارڈ کیا گیا تھا جو 26.3 ڈگری سیلسیس (79.3 ڈگری فارن ہائیٹ) تھا۔

نوتارا نے بدھ کے درجہ حرارت کے بارے میں کہا کہ "اس کی ایک بڑی وجہ یہ تھی کہ کل کا دن گرم تھا، سمندری ہوا بھی نہیں چل رہی تھی۔"

منگل کو دن کے وقت سڈنی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حررات سڈنی 37.8 ڈگری سینٹی گریڈ (100 ڈگری فارن ہائیٹ) ریکارڈ کیا گیا تو یہ پیش گوئی کی گئی تھی کہ بدھ کو دن کے وقت سڈنی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ (100 ڈگری فارن ہائیٹ) تک پہنچ جا ئے گا۔

سڈنی کا دسمبر کا اوسط حرارت 25.2 ڈگری سینٹی گریڈ (77.4 ڈگری فارن ہائیٹ) جب کہ کم سے کم 17.5 ڈگری سیلسیس ہے۔

اس صورت حال کی وجہ سے ایک بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنے آپ کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ساحل سمندر، دریاؤں اور سوئمنگ پول کا رخ کیا۔

نوتارا نے کہا کہ اس بات کی توقع کی جا رہی ہے کہ بدھ کو دیر گئے چلنے والی جنوبی ہواؤں کی وجہ سے شہر کے درجہ حررات میں کمی آ سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG