رسائی کے لنکس

باغی کبھی فتح یاب نہیں ہوں گے


شام کے صدر بشارالاسد
شام کے صدر بشارالاسد

شام کے صدر بشارالاسد کا کہناہے کہ مسلح تنظیمیں ریاست کے خلاف دہشت گردی کررہی ہیں اور انہیں عوامی حلقوں میں مقبولیت حاصل نہیں ہے۔

شام کے صدر بشارالاسد نے کہاہے کہ حکومت کے خلاف جنگ میں باغی کبھی بھی فتح یاب نہیں ہوں گے ، لیکن ان کا کہناہے کہ مذاکرات کے لیے ان کے دروازے بدستور کھلے ہیں۔

ان کا یہ بیان مصر کے ہفت روزہ الاحرام العربی کے جمعے کے شمارے میں شائع ہواہے۔

مسٹر اسد کا کہناہے کہ مسلح تنظیمیں ریاست کے خلاف دہشت گردی کررہی ہیں اور انہیں عوامی حلقوں میں مقبولیت حاصل نہیں ہے۔

صدر اسد کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ترک وزیر اعظم رجب طیب اردوان ، واشنگٹن پوسٹ سے اپنے انٹرویو میں یہ کہہ چکے ہیں شام کے صدر کی سیاسی موت واقع ہوچکی ہے۔

مسٹر اردوان نے یہ بھی کہاتھا کہ وہ یہ محسوس کرتے ہیں کہ ایران، چین اور روس اور شام کے دوسرے اتحادیوں کابھی یہ خیال ہے کہ مسٹر اسد کا جانا ہی ہے ، لیکن ان کے سامنے بڑا سوال یہ ہے کہ شام کےصدر کی رخصتی کے بعد کیا ہوگا۔

ایک اور خبر کے مطابق شام کی انسانی حقوق کی تنظیم کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری فوجیں کئی شمالی علاقوں پر مسلسل گولا باری کررہی ہیں۔

برطانیہ میں قائم ’سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس ‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جمعے کو شمال مشرقی شہر حلب میں سرکاری فورسز اور باغیوں کے درمیان لڑائی جاری رہی۔

دارالحکومت دمشق ،اس کے مضافات اور صوبہ حمص میں بھی گولہ باری کی اطلاعات ملی ہیں۔
XS
SM
MD
LG