رسائی کے لنکس

شامی فورسز اور مظاہرین میں جھڑپیں 73افراد ہلاک


شامی فورسز اور مظاہرین میں جھڑپیں 73افراد ہلاک
شامی فورسز اور مظاہرین میں جھڑپیں 73افراد ہلاک

گذشتہ ماہ سے جاری حکومت مخالف احتجاجی تحریک کے دوران کسی ایک روز میں ہلاک ہونے والے مظاہرین کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے

شام میں حقوقِ انسانی کیلیے سرگرم تنظیموں کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں پر سرکاری فورسز کے تشدد اور فائرنگ میں کم از کم 73 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

شام میں گذشتہ ماہ سے جاری حکومت مخالف احتجاجی تحریک کے دوران کسی ایک روز میں ہلاک ہونے والے مظاہرین کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

عینی شاہدین اور حقوقِ انسانی کیلیے کام کرنے والے افراد نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں اور قصبوں میں جمعہ کی نماز کے بعد سڑکوں پر آنے والے مظاہرین پر سرکاری فورسز نے فائرنگ کی جس سے درجنوں افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ مظاہرین شامی صدر بشار الاسد کے فوری استعفیٰ اور ملک میں سیاسی اصلاحات متعارف کرانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

شام سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں حالیہ حکومت مخالف تحریک کے مرکز سمجھے جانے والے ملک کے جنوبی علاقے دارعا میں ہوئیں۔ خبر رساں ایجنسیوں نے عینی شاہدین کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ دارالحکومت دمشق اور وسطی شہر ہومز میں بھی پولیس کی فائرنگ سے کئی مظاہرین ہلاک ہوئے ہیں۔

اس سے قبل جمعرات کے روز صدر بشارالاسد نے ملک میں جاری احتجاجی تحریک کا زور توڑنے کی غرض سے مظاہرین کا ایک اہم مطالبہ مانتے ہوئے ملک میں گزشتہ 50 برسوں سے نافذ ہنگامی حالت کے خاتمے کے حکم نامے پر دستخط کردیے تھے۔

تاہم اس کے باوجود جمعہ کے روز ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں میں "آزادی" کے حق میں اور صدر بشار الاسد کے اقتدار کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'صنعا' کے مطابق کئی علاقوں میں مظاہرین اور شہریوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی جس کے بعد مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ تاہم سرکاری ذرائع اور اور حکام نے پولیس تشدد سے ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی ہے۔

انسانی حقوق کیلیے سرگرم بین الاقوامی تنظیم 'ایمنسٹی انٹرنیشنل' نے کہا ہے کہ جمعہ کے روز ہونے والے مظاہرے شام کی حالیہ احتجاجی تاریخ کے سب سے بڑے اور شدید قرار دیے جاسکتے ہیں۔ تنظیم کے مطابق احتجاجی تحریک کے خلاف شامی حکومت کی کاروائیوں میں گزشتہ ماہ سے اب تک کل 228 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG