رسائی کے لنکس

شام کی فضائی کارروائی میں 70 افراد ہلاک


شام میں اسلامک آرمی کے سربراہ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’ٹوئیٹر‘ پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ شام کی فضائی کارروائیوں کا جواب دیا جائے گا

شام کی فضائیہ کی کارروائی میں حکومت مخالف باغیوں کے علاقے میں 70 افراد ہلاک ہو گئے۔

یہ کارروائی باغیوں کی طرف سے دارالحکومت دمشق میں راکٹ حملے کے بعد کی گئی۔

شام میں ایسی کارروائیوں پر نظر رکھنے والی تنظیم ’سیئرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ نے جمعہ کو بتایا کہ شام کی فضائیہ نے مشرقی ضلع غوطہ میں جمعرات کو ساٹھ حملے کیے۔

تنظیم کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 12 بچے اور 11 جنگجو بھی شامل ہیں۔

باغیوں کی طرف سے جمعرات کو راکٹ حملے میں دمشق میں 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

شام میں اسلامک آرمی کے سربراہ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’ٹوئیٹر‘ پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ شام کی فضائی کارروائیوں کا جواب دیا جائے گا، اُنھوں نے کہا کہ دمشق پر راکٹ حملہ بھی مشرقی ضلع میں کارروائی کا ردعمل تھا۔

مختلف باغی دھڑوں نے 2013ء میں ’اسلامک آرمی‘ بنائی اور کہا جاتا ہے کہ اُسے سعودی عرب کی حمایت حاصل رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق شام میں 2011ء سے ہونے والی لڑائی میں دو لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس خانہ جنگی کا آغاز صدر بشار الاسد کے خلاف پرامن مظاہروں سے ہوا تھا جو بعد میں مسلح لڑائی کی صورت اختیار کر گئے۔

XS
SM
MD
LG