رسائی کے لنکس

عرب لیگ کے سربراہ شام پہنچ گئے


عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی
عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی

عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی شام کے دورے پر دمشق پہنچ گئے ہیں جہاں وہ صدر بشار الاسد سے ملاقات کریں گے۔

عرب ممالک کی نمائندہ تنظیم کے سیکرٹری جنرل کے اس دورے سے ایک روز قبل شام کے انسانی حقوق کے کارکنان نے دعویٰ کیا تھا کہ سرکاری افواج نے مختلف کارروائیوں میں مزید کئی حکومت مخالف مظاہرین کو ہلاک کردیا ہے۔

حکام کے مطابق العربی کو بدھ کو دمشق پہنچنا تھا تاہم شامی حکومت کی درخواست پر ان کے دورے کو دو روز کے لیے موخر کردیا گیا تھا۔

امکان ہے کہ شام کے صدر کے ساتھ اپنی ملاقات میں العربی شامی حکومت کی جانب سے مخالفین کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر خطے کے 22 عرب ممالک کی تنظیم کے خدشات سے بشار الاسد کوآگاہ کریں گے۔

شام میں رواں برس مارچ سے جاری حکومت مخالف احتجاجی تحریک کے دوران اب تک 2200 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

شامی حکومت کا الزام ہے کہ ملک میں ہونے والی تشدد کی بیشتر کارروائیوں میں "مسلح گروہ" اور "دہشت گرد" ملوث ہیں جن کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب سیاسی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کرنے و الے مظاہرین نے صدر الاسد کے استعفیٰ کا مطالبہ کرنا شروع کردیا تھا۔

دریں اثناء مظاہرین کے خلاف جاری حکومتی کارروائیاں روکنے کے لیے صدر بشار الاسد پر عالمی برادری کے دباؤ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

گزشتہ روز یورپی یونین کے سفارت کاروں نے کہا تھا کہ وہ ایک معاہدے پر اتفاقِ رائے کے نزدیک پہنچ گئے ہیں جس میں شام کے توانائی کے شعبہ میں نئی سرمایہ کاری پر پابندی عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

ایک ہفتہ قبل بھی یورپی یونین کی جانب سے شام کے خلاف اقتصادی پابندیوں کا اعلان کیا گیا تھا جن میں شام سے تیل کی درآمد پر بھی قدغن عائد کردی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG