رسائی کے لنکس

انسانی حقوق کے چار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے: محکمہٴ خارجہ


ایک بیان میں محکمہٴ خارجہ کے ترجمان، جان کِربی نے زور دے کر کہا ہے کہ ’جس کسی کو بھی اُن کے بارے میں کوئی اطلاع ہو وہ اس سے مطلع کرے اور انسانی حقوق کا دفاع کرنے والے اِن بہادر کارکنوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے آگے بڑھے‘۔

امریکہ نے شام میں دو برس قبل اغوا ہونے والے انسانی حقوق کے چار سرگرم کارکنوں کی ’فوری اور غیر مشروط‘ رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک بیان میں محکمہٴ خارجہ کے ترجمان، جان کِربی نے زور دے کر کہا ہے کہ ’جس کسی کو بھی اُن کے بارے میں کوئی اطلاع ہو وہ اس سے مطلع کرے اور انسانی حقوق کا دفاع کرنے والے اِن بہادر کارکنوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے آگے بڑھے‘۔

دو برس قبل، نامعلوم لوگوں نے شام کے حقوقِ انسانی اور متمدن معاشرے کے چار کارکنوں کو اغوا کیا تھا۔ اُن کے نام ہیں رازان زیتونیہ اور اُن کے شوہر وائل حماد؛ اور اُن کے دو ساتھی سمیرہ الخلیل اور ناظم حمادی۔۔۔ جنھیں شام کے شہر دوما سے اغوا کیا گیا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ ’رازان شام میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دینے کے لیے ایک مرکز اور مقامی رابطہ کمیٹیاں تشکیل دی تھیں، جس دوران رازان کو نشانہ بنایا گیا، جو سیاسی قیدیوں کی وکالت کیا کرتی تھیں‘۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جمعرات کو عالمی انسانی حقوق کا دِن ہے، جس مناسبت سے ہم رازان اور شام کے ہزاروں سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں‘، جنھوں نے، بقول ترجمان، ’ظالمانہ حربوں اور اذیت کی پرواہ نہ کرتے ہوئے، آئندہ کے جمہوری اور شراکت داری پر مشتمل دور کے لیے جدوجہد جاری رکھی‘۔

بقول ترجمان، ’ہم بہادر شامیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنے اس مطالبے کا اعادہ کرتے ہیں کہ شام میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے اور مظالم میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے‘۔

ادھر، ایک اور بیان میں، محکمہٴ خارجہ کے ترجمان نے باکو کی اپیلز عدالت کی جانب سےانسانی ہمدردی کی بنیادوں پر، انسانی حقوق کی سرگرم کارکن، لیلیٰ یونس کی جیل سے رہائی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔

نومبر میں، اُن کےشوہر، عارف کو رہا کیا گیا تھا۔ جسے، بقول ترجمان، ’ہم ایک مثبت اقدام سمجھتے ہیں، اور امید کرتے ہیں کہ مزید ایسے اقدامات کیے جائیں گے‘۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم حکومتِ آذربائیجان اور عوام کے ساتھ پارٹنرشپ کے جذبے کی روشنی میں تعلقات کو فروغ دیتے رہیں گے، جس میں سلامتی، توانائی، جمہوریت اور انسانی حقوق شامل ہیں‘۔

XS
SM
MD
LG