رسائی کے لنکس

شام: باغیوں پر سرکاری فورسز کا ایک بڑا حملہ


سرکاری فورسز کے حملے بعد دھوئیں کے بادل بلند ہورہے ہیں
سرکاری فورسز کے حملے بعد دھوئیں کے بادل بلند ہورہے ہیں

باغیوں نے پچھلے ہفتے کئی اہم علاقوں میں سرکاری فوج کے ٹھکانوں پر قبضے کیے ، جن میں شام کے تجارتی مرکز حلب کے نزدیک سپیشل فورسز کا مرکز بھی شامل ہے۔

شام کی سرکاری فورسز نے جنہیں ٹینکوں کی مدد حاصل تھی، دارالحکومت دمشق کے ایک مضافاتی علاقےسے جہاں کئی مہینوں کی شدید لڑائی جاری ہے، باغیوں کو نکالنے کے لیے منگل کے روز ایک بڑا حملہ کیا۔

حزب اختلاف کے ذرائع کا کہناہے کہ شام کی ایلیٹ ری پبلیکن گارڈ سے تعلق رکھنے والے فوجیوں نے یہ حملہ دمشق کے مضافات میں واقع باغیوں کے زیر قبضہ علاقے پر کیا جہاں انہیں شدید مزاحمت کا سامنا کرناپڑا۔

ذرائع کے مطابق باغیو ں کے ٹھکانوں پر لڑاکا طیاروں کے ذریعے بڑی تعداد میں بم بھی برسائے گئے۔

کئی مہینوں کی سست رو پیش قدمی کے بعد باغیوں نے پچھلے ہفتے کئی اہم علاقوں میں سرکاری فوج کے ٹھکانوں پر قبضے کیے ، جن میں شام کے تجارتی مرکز حلب کے نزدیک سپیشل فورسز کا مرکز بھی شامل ہے۔

ادھر سفارتی محاذ پر برطانوی حکومت کے عہدے داروں نے شام کے حزب اختلاف کے اتحاد کو تسلیم کرکے اسے کمیونیکیشن اور دوسرے شعبوں میں مدد دینے کا وعدہ کیا ہے۔

برطانیہ ،شام کی جلاوطن اتحادی کونسل کو تسلیم کرنے والا دسواں ملک ہے۔ اس سے قبل فرانس، اٹلی، ترکی اور خلیج کی عرب ریاستیں اسے شام کے حقیقی نمائندے کے طورپر تسلیم کرچکی ہیں۔

منگل ہی کے روز ترکی کے وزیر خارجہ نے کہا کہ نیٹو ممالک انقرہ کو میزائل شکن نظام پیٹریاٹ فراہم کرنے پر آماہ ہوگئے ہیں تاکہ ترکی شام سے آنے والے میزائلوں سے اپنا دفاع کرسکے۔
XS
SM
MD
LG