رسائی کے لنکس

شام: مبصرین کو داخلے کی اجازت دینے پرتیار


شام: مبصرین کو داخلے کی اجازت دینے پرتیار
شام: مبصرین کو داخلے کی اجازت دینے پرتیار

شام نے عرب لیگ کے اس منصوبے پر دستخط کردیے ہیں جس کے تحت مبصرین کو یہ جاننے کے لیے ملک میں آنے کی اجازت دی جائے گی کہ حکومت مخالفین پر سکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن کے خاتمے کے وعدے کی کس حد تک پاسداری کررہی ہے۔

یہ دستخط پیر کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہوئے۔ اقوام متحدہ کے مطابق گزشتہ نو ماہ سے شام میں جاری پرتشدد کارروائیوں میں لگ بھگ پانچ ہزار لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔

عرب لیگ نے اپنی تجاویز کی منظوری کے لیے شام پر دباؤ ڈالنے کے لیے گزشتہ ماہ اس کی رکنیت معطل کرنے کے علاوہ دمشق پر سفارتی اور اقتصادی پابندی بھی عائد کی تھیں۔ شام نے اس منصوبے پر یہ کہہ کر کچھ تبدیلیوں کا مطالبہ کیا ہے کہ مجوزہ مبصر مشن اس کی خودمختاری کے خلاف ہے۔

دریں اثناء چین نے کہا ہے کہ وہ شام میں جاری تشدد کی مذمت سے متعلق نئی پیشکش کی حمایت کرتا ہے۔

چین کی وزرارت خارجہ نے پیر کو کہا کہ وہ روس کی طرف سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں گزشتہ ہفتے پیش کیے گئے اس مسودے کی حمایت کرتا ہے جس میں شام میں تمام فریقین کی طرف سے کیے جانے والے تشدد کی مذمت کی گئی ہے لیکن کسی طرح کی پابندی عائد کرنے سے گریز کیا گیا۔

مغربی قوتوں نے روس کی پیشکش کو خوش آئند قرار دیا ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ یہ صدر اسد اور ان کی حکومت کے خلاف زیادہ سخت نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG