رسائی کے لنکس

شام نے 'ایرانی اہداف' کو نشانہ بنانے والا اسرائیلی طیارہ مار گرایا


اسرائیلی ایف 16 لڑاکا طیارہ (فائل فوٹو)
اسرائیلی ایف 16 لڑاکا طیارہ (فائل فوٹو)

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ شام نے اس کے ایک ایف 16 لڑاکا طیارہ پر شدید فائرنگ کی ہے جو "ایرانی اہداف" کو نشانہ بنا رہا تھا۔

ہفتہ کی صبح فوج کا کہنا تھا کہ یہ طیارہ شمالی اسرائیلی علاقے میں گرا اور اس پر سوار دو اہلکاروں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

فوج کے ایک ترجمان لیفٹننٹ کرنل جوناتھن کوریکس نے ٹوئٹر پر بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے شام میں اس جگہ کو نشانہ بنایا جہاں سے "ایران نے بغیر پائلٹ کے ایک جاسوس طیارے کو اسرائیلی فضائی حدود میں بھیجا تھا۔"

ان کے بقول ایف 16 لڑاکا طیارے پر شام کی طیارہ شکن توپوں سے شدید فائرنگ کی گئی جس کی وجہ سے وہ اسرائیلی علاقے میں جا گرا۔

قبل ازیں ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ "اسرائیلی حدود میں شام سے داخل ہونے والے ایرانی ڈرون کو ایک لڑاکا ہیلی کاپٹر کے ذریعے کامیابی سے آگے بڑھنے سے روک دیا گیا۔"

مزید برآں ڈرون کی نشاندہی فضائی دفاعی نظام کے ذریعے سے ہوئی تھی اور اس کا راستہ روکنے سے قبل اس کی نگرانی بھی کی جاتی رہی۔

اسرائیلی حکام کے بقول ڈرون بھیجے جانے کے ردعمل میں شام میں ایرانی ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔

اس بارے میں شام یا ایران کی طرف سے کوئی ردعمل تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔

XS
SM
MD
LG