رسائی کے لنکس

شامی نژاد خاتون امریکی صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل


ثریا فاس ایک غیر معروف سیاسی شخصیت ہیں انھوں نے 2016ء کے امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ایک آزاد امیدوار کی حیثیت سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔

ایک شامی نژاد خاتون ثریا ڈولی فاس آئندہ امریکی صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل ہیں اور ان دنوں زور و شور سے اپنی صدارتی مہم چلا رہی ہیں۔

ریاستہائے متحدہ امریکہ کا اگلا صدر بننے کی خواہش رکھنے والی ثریا فاس ایک غیر سیاسی شخصیت ہیں انھوں نے 2016ء کے امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ایک آزاد امیدوار کی حیثیت سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔

ثریا فاس کی ویب سائٹ سے پتا چلتا ہے کہ وہ ری پبلکن جماعت سے تعلق رکھتی تھیں لیکن پارٹی امیدوار کی حیثیت سے اتفاق رائےحاصل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنے کے پیش نظر انھوں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے اپنی نامزدگی کے کاغذات جمع کرائے ہیں۔

ثریا فاس کا کہنا ہے کہ ہر ایک امریکی منصفانہ تعلیم، ایک مہذب ملازمت اور فلاح کا مستحق ہے اور ایک امریکی صدر کی حیثیت سے وہ ملک میں صرف چند لوگوں کے لیے نہیں بلکہ سب کے لیے بہتری کے مواقع پیدا کریں گی۔

انھوں نے اپنے ویڈیو پیغامات میں خاص طور پر غیر قانونی تارکین وطن اور بے گھر افراد کے مسائل اور عام افراد کی زندگی کی مشکلات کے حل پر بات کی ہے۔

ثریا 1981ء میں نیویارک میں ایک شامی تارک وطن گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد مائیکل فاس 1971ء میں شام سے ہجرت کر کے نیویارک آئے تھے جبکہ ان کی والدہ ڈولی کا تعلق وینیزویلا سے ہے۔

ثریا کیتھولک ہیں اور نیویارک میں بروکلین کے ایک اطالوی محلے میں پلی بڑھی ہیں۔ ان کا خاندان 1996ء میں میامی، فلوریڈا منتقل ہو گیا تھا۔

ثریا نے فلوریڈا یونیورسٹی سے سیاسیات اور بین الاقوامی تعلقات کی ڈگری حاصل کی ہے انھوں نے یورپی اسٹڈیز اور ایشین اسٹڈیز میں بھی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔

انھوں نے سیاسیات اور عمرانیات میں ڈبل ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے اور پچھلے پندرہ برسوں سے شعبہ تعلیم سے وابستہ ہیں جہاں وہ نوجوان اور تعلیم بالغان کی ایک استاد کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG