رسائی کے لنکس

شام میں اعلیٰ حکومتی عہدیدار قتل


شام کے دارالحکومت دمشق میں مسلح افراد نے صدر بشارا لاسد کی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار کو قتل کردیا ہے۔

شام کے دارالحکومت دمشق میں مسلح افراد نے صدر بشارا لاسد کی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار کو قتل کردیا ہے۔

برطانیہ میں قائم شامی حزبِ اختلاف کی حامی تنظیم 'سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' کے مطابق مسلح افراد نے جمعرات کی شب دمشق کے ایک پوش علاقے میں واقع ریستوران پر دھاوا بول کر وہاں موجود علی بلان کو قتل کردیا۔

تنظیم کے مطابق مقتول شامی حکومت کی وزارتِ سماجی امور میں ایک شعبے کے سربراہ تھے۔

خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں شام میں کئی اعلیٰ حکومتی عہدیداران اور معروف شخصیات کو اسی طرح ہدف بنا کر قتل کیا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ ایک خود کش حملے میں دمشق شہر کی مرکزی مسجد کے پیش امام محمد البوطی بھی ہلاک ہوگئے تھے۔ انہیں اسد حکومت کا حامی تصور کیا جاتا تھا۔

تجزیہ کار ان ہلاکتوں کا ذمہ دار باغیوں کی صفوں میں موجود انتہا پسند عناصر کو قرار دیتے ہیں جو ان کے بقول خانہ جنگی کے ختم ہونے کے کوئی آثار نظر نہ آنے کے باعث قوت پکڑتے جارہے ہیں۔

'آبزرویٹری' نے اپنی رپورٹ میں یہ خبربھی دی ہے کہ سرکاری فورسز اور باغیوں کے درمیان دارالحکومت کے جنوبی علاقے میں لڑائی کا سلسلہ جمعے کو بھی جاری ہے۔
XS
SM
MD
LG