رسائی کے لنکس

شام: باغیوں کی حلب پر راکٹ باری، 50 ہلاک


حملوں کے جواب میں شام کی فوج نے حلب شہر میں باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں پر ہیلی کاپٹروں سے کم از کم چار بیرل بم گرائے جس کے نتیجے میں مزید 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

شام میں انسانی حقوق کی ایک تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی شہر حلب کے حکومت کے زیرِ انتظام علاقوں پر باغیوں کے راکٹ حملوں میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

برطانیہ میں قائم شامی حزبِ اختلاف کی حامی تنظیم 'سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' کے مطابق ہلاکتیں گزشتہ دو روز سے جاری حملوں کے دوران ہوئی ہیں۔

تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ بیشتر حملوں میں اسلام پسند باغی ملوث تھے۔ مرنے والوں میں کم از کم نو بچے بھی شامل ہیں۔

'آبزرویٹری' کے مطابق حملوں کے جواب میں شام کی فوج نے حلب کے باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں پر اتوار کی شب ہیلی کاپٹروں سے کم از کم چار بیرل بم گرائے جن میں مزید 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ شامی حکومت دھماکہ خیز مواد سے بھرے ڈرموں پر مشتمل یہ بیرل بم ماضی میں بھی اکثر باغیوں کے علاقوں پر گراتی رہی ہے جس سے بڑے پیمانے پر عام شہری ہلاک اور املاک تباہ ہوتی ہیں۔

حالیہ ہفتوں کے دوران شامی فوج اور باغیوں کے درمیان حلب پر قبضے کی جنگ شدت اختیار کرگئی ہے جو تین سال سے زائد عرصے سے جاری خانہ جنگی سے قبل ملک کا سب سے بڑا شہر اور معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز تھا۔

شہر پر شامی فوج کے حملوں میں شدت ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب سرکاری افواج کو ملک کے وسطی علاقے پر اپنا قبضہ مستحکم کرنے میں خاطر خواہ کامیابیاں ملی ہیں۔

سرکاری فوج کے مسلسل حملوں اور محاصرے کے باعث باغی ملک کے وسطی شہر حمص کے مرکزی علاقوں سے پسپا ہوگئے ہیں اور کئی مہینوں کے بعد حکومت نے شہر پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
XS
SM
MD
LG