رسائی کے لنکس

شام: باغی اہم سرحدی گزرگاہ پر قابض


فائل
فائل

'نصیب کراسنگ' خانہ جنگی کا شکار شام اور اور اس کے پڑوسی ملک اردن کے درمیان واحد سرحدی گزرگاہ ہے جو تاحال کھلی ہے

شام میں 'القاعدہ' سے منسلک باغیوں نے اردن اور شام کے درمیان واحد فعال سرحدی گزرگاہ اور اس کے نزدیک قائم تین اہم فوجی چوکیوں پر قبضہ کرلیا ہے۔

علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق 'نصیب کراسنگ' پر باغی تنظیم 'النصرہ' کے جنگجووں کے قبضے کے بعد شامی حکومت کے ہیلی کاپٹروں اور طیاروں نے علاقے پر بمباری کی ہے۔

'نصیب کراسنگ' خانہ جنگی کا شکار شام اور اور اس کے پڑوسی ملک اردن کے درمیان واحد سرحدی گزرگاہ ہے جو تاحال کھلی ہے اور شامی حکومت کے ساتھ ساتھ اردنی، شامی اور لبنانی تاجروں کے لیے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

سرحدی راستے پر باغیوں کے قبضے کو صدر بشار الاسد کی حکومت کے لیے ایک اور بڑا دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے 'النصرہ فرنٹ' کے جنگجووں کی قیادت میں مختلف باغی تنظیموں نے شام کے شمال مغربی شہر ادلب کا کنٹرول حکومت سے چھین لیا تھا جب کہ ایک اہم جنوبی قصبے بصرہ شام پر بھی قبضہ کرلیا تھا۔

اردنی حکام کے مطابق انہوں نے علاقے میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال کے پیشِ نظر منگل کی شب 'نصیب کراسنگ' کو بند کردیا تھا۔ سرحدی راستے کی بندش کے 24 گھنٹوں کے اندر ہی باغیوں نے شدید لڑائی کے بعد علاقے پر قبضہ کرلیا ۔

جمعرات کو اردن سے متصل 'نصیب' کے شامی سرحدی علاقے سے سیاہ دھویں کے گہرے بادل اٹھتے دیکھے گئے جب کہ علاقے پر شامی فوج کے جنگی طیاروں کی بمباری بھی جاری رہی۔

اردن کے سرحدی علاقے میں موجود خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کےا یک رپورٹر کا کہنا ہے کہ سرحدی گزرگاہ کی اچانک بندش اور سرحد پار جاری لڑائی کے باعث اردن کی طرف درجنوں ٹرک پھنس گئے ہیں جب کہ سرحد پر تعینات کسٹم اہلکاروں کو بھی دفاتر جانے سے روک دیا گیا ہے۔

علاقے میں موجود شامی حزبِ اختلاف کے ایک کارکن نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ باغیوں نے جمعرات کی صبح علاقے کی تلاشی کا عمل مکمل کرنے کے بعد اپنا قبضہ مستحکم کرلیا ہے جب کہ سرکاری فوج نزدیکی صوبے السویداء کی جانب پسپا ہوگئی ہے۔

لیکن شام کے سرکاری ٹی وی نے فوجی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ فوجی دستوں نے سرحدی گزرگاہ کے نزدیک خود کو مجتمع کرنے کے بعد علاقے کے نزدیک نئی چوکیاں قائم کرلی ہیں۔

شام کی وزارتِ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں خبر دار کیا ہے کہ باغیوں کے زیرِ قبضہ 'نصیب کراسنگ' کا استعمال "غیر قانونی" تصور کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اردن کی حکومت کی جانب سے سرحدی گزرگاہ کی بندش کے بعد شام نے بھی بدھ کو یہ راستہ بند کردیا تھا جس کے بعد اس کا استعمال غیر قانونی ہوگا۔

XS
SM
MD
LG